Aug 14, 2021 04:20 pm
views : 231
Location : Domestic Place
Islamabad- Preparations have been made for further increase in prices of petroleum products
اسلام آباد، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافے کی تیاری کرلی گئی، قیمتوں میں اضافے کا حتمی فیصلہ وزیراعظم عمران خان کی مشاورت کے بعد وزارت خزانہ کرے گی
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی تجاویز وزارت خزانہ کو ارسال کردی گئی ہیں۔
عوام کو 14 اگست کی خوشیوں کے بعد ایک اور پیٹرول بم کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے کیونکہ اوگر نے عوام پر پیٹرول بم گرانے کی تیاری کرلی ہے اور پٹرولیم ڈویژن کو سمری بھجوائی ہے، جس میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی تجویر ہے، جب کہ پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافے کے لئے تجاویز وزارت خزانہ کو بھیج دی گئی ہیں، اور وزارت خزانہ کو سمری موصول ہوگئی ہے۔
سمری میں پیٹرول کے نرخوں میں 50 پیسے فی لیٹر، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 50 پیسے فی لٹر، لائٹ ڈیزل آئل کے نرخوں میں ایک روپیہ فی لیٹر، اور مٹی کے تیل کے نرخ بھی ایک روپیہ فی لیٹر بڑھانے کی تجویز ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں اضافے کی سمری موجودہ پٹرولیم لیوی کے مطابق تیار کی گئی ہے، اور لیوی میں ردو بدل نرخوں میں مزید تبدیلی کا باعث ہو سکتا ہے۔
قیمتوں میں اضافے کی تجویز پر حتمی فیصلہ وزیراعظم عمران خان کی مشاورت کے بعد وزارت خزانہ کرے گی، جب کہ نئی قیمتوں پر عملدرآمد سولہ اگست سے ہوگا۔