Aug 17, 2021 04:10 pm
views : 226
Location : Domestic Place
Islamabad- Pakistan will remain closely engaged w/ U.S./ partners to support a peaceful & stable Afghanistan, FM
اسلام آباد، افغانستان کی لمحہ بہ لمحہ بدلتی صورتحال پر امریکا نے پاکستان سے مدد مانگ لی، امریکی وزیر خارجہ کا رابطہ،شاہ محمود قریشی کہتے ہیں پاکستان پرامن افغانستان کیلئے عالمی شراکت داروں سے رابطے میں رہے گا
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اور امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کا ٹیلی فونک رابطہ ہوا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق شاہ محمود اور ان کے امریکی ہم منصب کےدرمیان افغانستان میں تیزی سے بدلتی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے امریکی ہم منصب کو افغان صورتحال میں نمایاں تبدیلی اور تشدد سے اجتناب کے بارے میں پاکستان کے نقطہ نظر سے آگاہ کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق امریکی وزیر خارجہ سے گفتگو میں شاہ محمود قریشی نے آگے بڑھنے کے بہترین راستے کے طور پر افغان تنازع کے جامع سیاسی تصفیے کی اہمیت پر زور دیا۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان پرامن افغانستان کے لیے امریکا اور دیگر عالمی شراکت داروں سے رابطے میں رہے گا، افغانستان کے ساتھ امریکی اقتصادی روابط کا جاری رہنا بھی ضروری ہے۔
شاہ محمود نے امریکی ہم منصب کو سفارتی مشنز، بین الاقوامی تنظیموں، میڈیا اور دیگر افراد کے انخلا میں سہولت فراہم کرنے کی پاکستان کی کوششوں سے بھی آگاہ کیا۔