Aug 18, 2021 03:35 pm
views : 236
Location : Domestic Place
Lahore- Minar-e-Pakistan incident, Case Registerd, PM takes Notice
لاہور، مینار پاکستان پر دوشیزہ سے بدتمیزی کے مرتکب ہونے والے ہنوز قانون کی گرفت میں نہ آسکے، وزیر اعظم عمران خان نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے دست درازی کرنے والوں کی فوری گرفتاری کا حکم دیدیا
لاہور گریٹر اقبال پارک میں جشن آزادی کے موقع پر ویڈیو بنانے کیلئے آنے والی ٹک ٹاکر عائشہ اکرام کو ہجوم نے ہراساں کیا۔ واقعے میں ملوث چارسو نامعلوم افراد کیخلاف متاثرہ خاتون کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔متاثرہ خاتون نے درخواست میں موقف اپنایا تھا کہ ان پر تشدد کیا گیا، موبائل فون اور نقدی بھی چھین لی گئی۔
پولیس مینار پاکستان میں لڑکی سے بدتمیزی کے واقعے میں ملوث کسی بھی ملزم کو تاحال گرفتار نہ کرسکی، ڈی آئی جی انوسٹی گیشن کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی ،سوشل میڈیاویڈیوسے شناخت کر رہے ہیں۔
دوسری طرف وزیراعظم عمران خان نے مینار پاکستان واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے خاتون سے دست درازی کرنے والوں کو فوری گرفتار کرنے کا حکم دے دیا۔
واقعے پر قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے اپنے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ خواتین کے ساتھ پیش آئے حالیہ افسوس ناک واقعات اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ یہ کیفیت مضبوط جڑیں رکھتی ہے جو شرم ناک ہے جبکہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ مینار پاکستان پر مجمعے کا نوجوان لڑکی سے دست درازی اور زدوکوب کرنا ہر پاکستانی کیلئے باعثِ شرم ہے۔