Aug 19, 2021 03:35 pm
views : 226
Location : Domestic Place
Islamabad- Messages from the President, Prime Minister, Opposition Leaders and Chief Ministers on Ashura
اسلام آباد، یوم عاشور پر صدر مملکت، وزیر اعظم، اپوزیشن رہنماؤں اور وزرائے اعلیٰ کے پیغامات، کہا گیا کہ حضرت امام حسینؓ نے شہادت قبول فرمائی پر ظلم کے سامنے سر نہ جھکایا
یوم عاشور کے موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ حضرت امام حسینؓ نے ثابت کیا کہ حق و باطل کے معرکے میں ہمیشہ حق کا ساتھ دینا چاہیئے۔
وزیر اعظم عمران خان نے بھی یوم عاشور کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ امام عالی مقام کی شہادت پر امت آج بھی افسردہ ہے، سینکڑوں برس گزر جانے کے باوجود یہ زخم، غم اور واقعہ تازہ ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی جانب سے یومِ عاشور پر پیغام میں کہا گیا کہ یوم عاشور ہمیں حق اور دین اسلام کی خاطر قربانی کی یاد دلاتا ہے۔واقعہ کربلا صبر و استقامت اور ایثار و قربانی کی بہترین مثال ہے۔
گورنر پنجاب چودھری سرور نے کہا کہ جب بھی صبر و ایثار، تسلیم و رضا اور باطل کے سامنے کلمہ حق بلند کرنے کا ذکر آئے گا تو تاریخ انسانیت میں شہدائے کربلا کی بے مثال جرات، بہادری اور لازوال قربانیوں کی گونج سنائی دیگی۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کا یومِ عاشور پر کہنا تھا کہ واقعہ کربلا حق و باطل کے درمیان ایک عظیم معرکہ تھا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کہا کہ امام حسینؓ نے میدان کربلا میں اسلام کی بقاء اور سربلندی کیلئے عظیم ترین قربانی دی، قربانی نے یہ نظیر قائم کی کہ حق کی طاقتیں باطل قوتوں کے سامنے سر نہیں جھکاتیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ واقعہ کربلا حق و باطل کا ایک ایسا معرکہ ہے جو ہر دور میں جاری رہا اور جاری رہے گا، حسینیت یہی ہے کہ ہر دور کے یزید کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنماء حمزہ شہباز نے کہا کہ خلقِ خدا کو اپنے ظالمانہ قوانین کا نشانہ بنانے اور حرمت دین کو توڑنے والی حکومت کے خلاف صدائے احتجاج بلند کرنا شہادت امام کا درس ہے۔