Aug 25, 2021 12:59 pm
views : 269
Location : Domestic Place
Karachi- No one will be allowed to disturb the peace of Karachi-CM Sindh
کراچی، کسی کو بھی شہر قائد کا امن تہہ وبالا کرنے کی اجازت نہیں دینگے، وزیر اعلیٰ سندھ کہتے ہیں مجھے اسٹریٹ کرائم پر مکمل کنٹرول چاہیئے
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت امن و امان کے حوالے سے اجلاس ہوا، جس میں 10 دن کے دوران ہونے والے جرائم کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی کراچی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ صوبے میں اغوا کے 5 کیسز رپورٹ ہوئے،4 کیسز میں خواتین کی آواز میں بات کرکے اغوا کیا گیا، ہم ان اغوا کاروں کے گروپ کے قریب ہیں اور بہت جلد انہیں گرفتار کریں گے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ڈرگ مافیاز کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن جاری ہے، منشیات کے 263 کیسز رجسٹر ہوئے اور کافی گرفتاریاں کی گئیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ مجھے پورا صوبہ منشیات سے پاک چاہیئے، جو بھی فارن نیشنلز یہاں کام کررہے ہیں اُن کا ڈیٹا بنائیں، ہمیں فارن نیشنلز کی سیکیورٹی کا سسٹم مزید بہتر کرنا ہے، پرائیویٹ سیکٹرز میں کام کرنے والے فارن نیشنلز کی سیکیورٹی کے حوالے سے بھی اقدامات کریں۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ افغان صورتحال کے پیش نظر پولیس صوبے میں ضروری اقدامات کرے، ہم سب نے بڑی محنت سے صوبے خاص طور پرکراچی میں امن قائم کیا ہے، اب اس امن کو کسی صورت خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، پولیس ماہانہ وار جرائم کی وارداتوں کے حوالے سے رپورٹ میڈیا پر جاری کرے، رپورٹ میں یہ واضح ہو کہ کتنے کیسز رپورٹ ہوئے اور کتنے حل ہوئے، مختلف پراجیکٹس پر کام کرنے والے غیرملکیوں کی سکیورٹی یقینی بنائی جائے۔
وزیراعلیٰ نے ہدایت دی کہ منشیات کے عادی افراد کے لیے 200 بیڈڈ اسپتال بنایا جائے گا، چیف سیکریٹری بحالی سینٹرز بنانے کے حوالے سے تجاویز دیں، ہم سینٹرز بنائیں گے اور پرائیویٹ سیکٹرز سے چلوائیں گے۔