Aug 27, 2021 04:21 pm
views : 233
Location : Korangi, Mehran Town, Factory
Fire erupts at Karachi factory, 17 labourers killed
کراچی، کورنگی میں کیمیکل فیکٹری میں خوفناک آتشزدگی سے جھلس کر سترہ مزدور جاں بحق ہوگئے، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے حادثے کا نوٹس لیتے ہوئے اعلیٰ حکام سے رپورٹ طلب کرلی
کراچی کے علاقے کورنگی کے مہران ٹاؤن میں قائم فیکٹری میں آگ لگ گئی، آگ اس قدر شدید تھی کہ اس نے پوری عمارت کو لپیٹ میں لے لیا۔تیسرے درجے کی آگ بجھانے کیلئے شہر بھر سے فائر ٹینڈرز طلب کیے گئے تھے، ہر طرف افراتفری کا عالم تھا۔ کافی دیر کی کوششوں کے بعد کیمیکل فیکٹری میں لگی آگ بجھا دی گئی، فیکڑی میں کولنگ کا عمل اور ریسکیو آپریشن شروع کردیا گیا۔
کیمیکل فیکٹری میں صبح دس بجے کے قریب آگ لگی جو دیکھتے ہی دیکھتے پوری فیکٹری میں پھیل گئی، فیکٹری میں دھویں کے باعث امدادی کارکنان کا اندر جانا ممکن نہیں تھا، ایک فائر فائٹر بھی کارروائی کے دوران عمارت سے گرنے سے شدید زخمی ہوگیا۔
پولیس کے مطابق فیکڑی سے نکلنے کا ایک ہی راستہ تھا جبکہ فیکٹری کی چھت تک جانے والے دروازوں پر تالے تھے، فیکٹری میں پھنسے سترہ مزدوروں کی لاشیں نکال لی گئیں ہیں۔ جاں بحق ہونے والوں میں دو سگے بھائیوں سمیت پانچ افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔
خیال رہے کہ متاثرہ فیکٹری میں کیمیکل سے چپلوں کو جوڑا جاتا ہے۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے حادثے کا نوٹس لیتے ہوئے اعلیٰ حکام سے رپورٹ طلب کرلی۔مراد علی شاہ نے جاں بحق ہونے والے مزدوروں کے خاندانوں کی بھرپور مالی مدد کرنے اور زخمیوں کی علاج کرانے کی خصوصی ہدایت کی ہے۔
ایڈمنسٹریٹر کراچی اور ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ فیکٹری میں آگ لگنے کے واقعے کی تحقیقاتی رپورٹ میڈیا سے شیئر کی جائے گی۔