راولپنڈی اسلام آباد میں موسلادھار بارش جاری، ادارے ہائی الرٹ
جڑواں شہروں میں موسلادھار بارش کے باعث نظام زندگی درھم برہم ہوگیا۔
ایکسپریس
نیوز کے مطابق راولپنڈی اور اسلام آباد میں وقفے وقفے سے موسلادھار بارش
کا سلسلہ جاری ہے، اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ایمرجنسی کے
تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔
ایم ڈی واسا راجا شوکت
کے مطابق اسلام آباد میں بارش کم ہونے سے نالہ لئی کی سطح 10 فٹ سے زیادہ
بلند نہیں ہوئی، اسلام آباد کے مقابلے میں راولپنڈی بارش زیادہ ہوئی، اور
محکمہ موسمیات کے مطابق 111 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، شدید بارش کے باعث
نشیبی علاقے زیر آب آگئے، تاہم واسا کی ٹیمیں نشیبی مقامات سے پانی نکال
رہی ہیں۔
شدید بارش کے باعث جی ٹی روڈ تالاب کا منظر پیش کرنے لگا، روات
کے مقام پر گاڑیاں پانی میں پھنسی ہیں اور ٹریفک کا نظام درھم برھم ہوگیا
ہے، جب کہ راولپنڈی اسلام آباد آنے والے مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا
ہے۔ کینٹ کے سیوریج نالوں سے طغیانی نشیبی رہائشی آبادیوں کو اپنی لپیٹ
میں لیا رکھا ہے اور کرسچن کالونی مکمل طور پر ڈوب گئی ہے۔
دوسری جانب
شمالی علاقوں میں شدید بارش کے بعد تربیلا ڈیم بھرنے کے امکانات پیدا ہوگئے
ہیں۔ ارسا ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈیم بھرنے میں پانی کی سطح 4 فٹ رہ گئی،
اور ڈیم میں پانی کی آمد ایک لاکھ 91 ہزار کیوسک اور اخراج ایک لاکھ 56
ہزار کیوسک ہے، ڈیم میں پانی کا ذخیرہ 56 لاکھ ایکڑ فٹ ہے اور اگر صورتحال
یہی رہی تو آئندہ 5 دنوں میں تربیلا ڈیم بھر جائے گا۔
ارسا کا کہنا ہے
کہ دریاؤں میں پانی کا مجموعی بہاؤ 2 لاکھ 94 ہزار کیوسک ہوگیا ہے، اور
ڈیموں میں پانی کا ذخیرہ ایک کروڑ ایکڑ فٹ ہے۔ بارشوں کے باعث ملک کا دوسرا
بڑا منگلا ڈیم نہیں بھر سکا، منگلا ڈیم میں پانی کی سطح 1199 فٹ ہے اور
ڈیم بھرنے میں پانی کی سطح 43 فٹ رہ گئی۔ دریائے جہلم میں منگلا کے مقام
پر پانی کی آمد 22 ہزار کیوسک جب کہ دریائے چناب میں مرالہ کے مقام پر پانی
کا بہاؤ 62 ہزار کیوسک ہے۔