Aug 31, 2021 04:05 pm
views : 217
Location : Domestic Place
Islamabad- ECC approved a grant of Rs 50 billion for the purchase of Corona vaccine
اسلام آباد، ای سی سی نے کورونا ویکسین کی خریداری کیلئے پچاس ارب، کنٹونمنٹ بورڈز میں انتخابات کیلئے اکیس کروڑ اور روز ویلیٹ ہوٹل کے مالی مسائل کے حل کیلئے ایک کروڑ ڈالر کی گرانٹ کی منظوری دیدی
ای سی سی کا اجلاس وزیر خزانہ شوکت ترین کی زیرصدارت ہوا جس میں وزارت صحت کو کورونا ویکسین کی خریداری کے لیے 50 ارب سے زائد کی گرانٹ کی منظوری دی گئی، فنڈز ایشیائی ترقیاتی بینک کی طرف سے فراہم کردہ 50 کروڑ ڈالر کی معاونت کا حصہ ہیں۔قومی وزارت صحت نےایشیائی ترقیاتی بینک سے ملنے والے قرض کے تحت کورونا ویکسین کی خریداری کے لیے حکومت سے 50 ارب 10 کروڑ روپے مانگے تھے۔
کورونا ویکسین کی خریداری کے لیے قرض کی منظوری کی سمری اقتصادی رابطہ کمیٹی کو بھی بھیجی گئی تھی۔
سمری میں بتایا گیا تھا کہ پہلے مرحلے میں ویکسین کی خریداری کے لیے 30 کروڑ ڈالر خرچ کیے جائیں گے جس کے تحت وزارت صحت اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) ویکسین کی خریداری کریں گے جبکہ رقم تکنیکی سپلیمنٹری گرانٹ کے تحت فراہم کی جائے گی۔
دوسری جانب وزیرخزانہ شوکت ترین کی زیرصدارت اجلاس میں روز ویلٹ ہوٹل نیویارک کے مالی مسائل حل کرنے کے لیے بھی ایک کروڑ ڈالرکی گرانٹ منظورکی گئی۔
اجلاس میں کنٹونمنٹ بورڈز میں انتخابات کے لیے 21 کروڑ 50 لاکھ روپے فنڈز کی منظوری بھی دی گئی، فنڈز الیکشن کمیشن کو تکنیکی ضمنی گرانٹ کے طور پر فراہم کیے جائیں گے۔
یاد رہے کہ 42 کنٹونمنٹ بورڈز میں لوکل باڈیز انتخابات 12 ستمبرکو ہوں گے۔