Aug 31, 2021 05:05 pm
views : 224
Location : Domestic Place
Islamabad- If the court hears the case against Shahbaz Sharif daily, he will be in jail, Fawad Chaudhry
اسلام آباد، عدالت شہبازشریف کے خلاف کیس روزانہ سنے تو وہ جیل میں ہوں گے، فواد چوہدری کہتے ہیں شہبازشریف اوربلاول بھٹو نے الیکشن اصلاحات اورپی ڈی ایم اے کا ایک لفظ نہیں پڑھا
وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ کے دوران فواد چوہدری نے کہا کہ کابینہ کے اجلاس میں افغان عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا گیا، افغان عوام کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں، دعاگوہیں کہ افغانستان میں امن واستحکام کاسورج طلوع ہو۔ افغانستان میں حکومت سازی افغان عوام کاحق ہے، ہم افغان عوام کے لئے جو کرسکتے ہیں وہ کریں گے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ دنیا نے افغانستان سے غیرملکیوں کے انخلا میں پاکستان کے کردار کو سراہا ہے۔ ہم نے پہلے دن سے کہا تھا کہ انخلا میں مدد دیں گے، افغانستان سے نیٹو ممالک کے 10 ہزار 302 لوگ پاکستان آئے تھے، 155امریکی آئے تھے جن میں 42 اب بھی پاکستان میں موجود ہیں۔ جو پاکستانی خاندان افغانستان سے نکلنا چاہتے تھے انہیں واپس لے آئے ہیں۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی واحد حکومت ہے جو انتخابی اصلاحات کی بات کرتی ہے، اپوزیشن کے پاس تجاویز ہیں تو سامنے لے آئیں، موجودہ حکومت میں پی آئی اے سمیت دیگر قومی اداروں کو بہتر کیا گیا ہے، ایل پی جی کی قیمتوں میں کمی لانے کی کوشش کر رہے ہیں،اگرعدالت شہبازشریف سےمتعلق کیس کو روزانہ سنے تو وہ جیل میں ہوں گے۔
وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹرعشرت حسین کے استعفے سے متعلق فواد چوہدری نے کہا کہ ذاتی وجوہات کی بنیاد پر ڈاکٹرعشرت حسین مزید کام نہیں کرنا چاہتے۔