Sep 03, 2021 03:30 pm
views : 253
Location : Domestic Place
Islamabad- Pakistan & UK agreed to enhance cooperation in various fields of mutual interest
اسلام آباد،پاک برطانیہ کا باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں پر تعاون بڑھانے پر اتفاق، شاہ محمود قریشی کہتے ہیں افغانستان کے حوالے سے لگائے گئے تمام اندازے اور پشین گویاں غلط ثابت ہوئیں
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور برطانوی وزیر خارجہ ڈومینک راب کے مابین وزارتِ خارجہ میں وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے۔ مذاکرات میں نمائندہ خصوصی برائے افغانستان ایمبیسڈر محمد صادق ،سیکرٹری خارجہ سہیل محمود،اسپیشل سیکرٹری خارجہ رضا بشیر تارڑ اور وزارتِ خارجہ کے سینئر افسران بھی شریک ہوئے۔
برطانوی وزیر خارجہ نے کابل سے برطانوی شہریوں اور سفارتی عملے کے انخلاء میں معاونت پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور پاکستانی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اطمینان بخش بات یہ ہے کہ افغانستان میں حالیہ تبدیلی کے دوران کوئی خون خرابہ نہیں ہوا، طالبان کی قیادت کی جانب سے، عام معافی، حقوق کے تحفظ اور افغان سرزمین کو کسی کے خلاف استعمال نہ ہونے کی یقین دہانی کے متعلق بیانات، حوصلہ افزا ہیں، یہ افغانستان میں 40 سال سے جاری جنگ و جدل کے خاتمے کا ایک سنہری اور تاریخی موقع ہے، عالمی برادری کو 90 کی دہائی میں کی گئی غلطیوں سے سبق سیکھتے ہوئے افغانستان کی انسانی و مالی معاونت کو یقینی بنانے کیلئے آگے بڑھنا ہو گا، ہمیں اس نازک موقع پر، امن مخالف قوتوں اسپائیلرزپر بھی کڑی نظر رکھنا ہو گی جو افغانستان میں امن کاوشوں کو سبوتاژ کرنے کیلئے متحرک ہیں۔