Sep 04, 2021 12:40 pm
views : 235
Location : Domestic Place
Four electrocuted to death as rain lashes Karachi
کراچی میں رات بھر وقفے وقفے سے بارش، کرنٹ لگنے سے چار افراد جاں بحق ہوگئے، مختلف علاقوں میں سڑکیں پانی میں ڈوب گئیں، گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں خراب ہونے سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا
کراچی کے مختلف علاقوں میں رات بھر وقفے وقفے سے ہونے والی بارش کے باعث جہاں سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں وہیں شہر کے مختلف علاقوں میں کرنٹ لگنے سے 4 افراد جان سے بھی ہاتھ دھو بیٹھے۔
رات بھر وقفے قفے سے جاری رہنے والی بارش سے شہر کے نشیبی علاقے زیر آب آگئے، کراچی کے مختلف علاقوں میں سڑکیں بھی پانی میں ڈوب گئیں ہیں جبکہ گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں خراب ہونے سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
شارع فیصل، ایم اے جناح روڈ، بلوچ کالونی ایکسپریس وے، جوہر موڑ، نیپا پل، سفاری پارک، لیاقت آباد، گرو مندر،کالا بورڈ، ملیر ہالٹ، سرجانی، ناگن چورنگی، حیدری، گارڈن اور قیوم آباد سمیت شہر کے کئی علاقوں کی سڑکوں اور گلیوں میں پانی تاحال جمع ہے۔
بارش کے دوران کرنٹ لگنےکے واقعات میں ایک بچی سمیت 4 افرادجاں بحق بھی ہوئے، پولیس کے مطابق کلفٹن شاہ رسول کالونی میں کرنٹ لگنے سے گھر کے باہر کھیلنے والی 4 سالہ بچی چل بسی۔
خیال رہے کہ بارش کے باعث کراچی سمیت سندھ بھر میں تمام نجی اسکول بند رکھنےکااعلان کیا گیا ہے جبکہ انٹر بورڈ کے ہونے والے امتحانات اور بارہویں جماعت کے ہونے والے پریکٹیکلز بھی ملتوی کر دیے گئے ہیں، نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔