Jul 24, 2022 06:22 pm
views : 261
Location : Different Places
Rain lashes Karachi as low-lying areas inundate
ملک کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارش
کراچی کے مختلف علاقوں میں رات گئے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج کراچی میں طوفانی ہواؤں کے ساتھ 200 ملی میٹر تک بارش ہوسکتی ہے جبکہ شہریوں کو بلاضرورت گھروں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
صوبہ بلوچستان میں بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں 100 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے، ساڑھے 6 ہزار سے زائد مکانات منہدم ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے بلوچستان میں بارشوں سے جانی و مالی نقصانات سے متعلق رپورٹ جاری کردی۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ حالیہ بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں خواتین اور بچوں سمیت 100 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ حادثات کا شکار ہو کر 57 افراد زخمی ہوئے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں سے مجموعی طور پر صوبے بھر میں 6 ہزار 63 مکانات منہدم ہوئے، بارشوں سے 550 کلو میٹر مشتمل مختلف 4 شاہرائیں بھی شدید متاثر ہوئی ہیں۔
ادھر چترال میں طوفانی بارش سے فصلیں تباہ ہوگئیں جبکہ وادی کوئٹہ اور گردونوح میں بھی بادل برسے۔ بولان، نصیر آباد سمیت بلوچستان کے متعدد علاقوں میں بھی موسلا دھار بارش ہوئی۔
محکمہ موسمیات نے آج سے منگل تک بلوچستان کے 15 اضلاع میں شدید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔ توبہ اچکزئی کے ڈیم کے حفاظتی بند میں دراڑ پڑگئی۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق بلوچستان میں بارشوں کے باعث جاں بحق افراد کی تعداد 100 ہوگئی ہے۔ 6 ہزارسے زائد مکانات اور املاک کونقصان پہنچا ہے۔
خیبر پختون خوا کے مختلف علاقوں میں سیلابی ریلوں نے تباہی مچا دی، ضلع مہمند میں دیہات کے آپس میں رابطے منقطع ہو گئے، ضلع بشام میں سیلابی ریلوں کی وجہ سے کوہستان میں کئی مکانات بہہ گئے۔
کراچی کے مختلف علاقوں میں رات گئے بارش ہوئی، بارش برسانے والا مون سون سسٹم سندھ پر اثرانداز ہو گیا، کراچی میں آج سے منگل تک تیز بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں 200 ملی میٹر تک بارش ہوسکتی ہے، شہریوں کو بلاضرورت گھروں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری جانب حیدرآباد، سانگھڑ، تھرپارکر، میرپورخاص، ہالہ، نیو سعید آباد ، ٹنڈو آدم، شہدادپور سمیت سندھ کے متعدد علاقوں میں بھی موسلادھار بارش ہوئی۔
رپورٹس کے مطابق بارش کی وجہ سے کئی نشیبی علاقے زیر آب زیر آگئے ہیں جس کے باعث بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔