Aug 02, 2022 04:47 pm
views : 279
Location : different areas
Rawalpindi-the wreckage of the missing helicopter of Pakistan Army was found, all six officers including the corps commander were martyred.
راولپنڈی، پاک فوج کے لاپتہ ہیلی کاپٹر کا ملبہ مل گیا، کور کمانڈر سمیت تمام چھ افسران شہید،ابتدائی تحقیقات کے مطابق ہیلی کاپٹر کو خراب موسم کی وجہ سے حادثہ پیش آیا۔
بلوچستان میں پاک فوج کے لاپتہ ہیلی کاپٹر کا ملبہ مل گیا جس میں سوار کور کمانڈر سمیت تمام چھ افسران و جوانوں کی شہادت کی تصدیق ہوگئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق گزشتہ روز بلوچستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں میں مصرف پاکستان آرمی ایوی ایشن کا ہیلی کاپٹر لاپتہ ہوگیا تھا جس میں 12 کور کے کمانڈر سمیت 6 افراد سوار تھے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق ہیلی کاپٹر کو خراب موسم کی وجہ سے حادثہ پیش آیا۔ ہیلی کاپٹر کا ملبہ لسبیلہ کے علاقے وندر میں موسیٰ گوٹھ سے ملا۔ واقعے میں ہیلی کاپٹر میں سوار تمام 6 افسران اور سپاہی شہید ہوگئے جن میں کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی بھی شامل ہیں۔
شہدا میں ڈائریکٹر جنرل پاکستان کوسٹ گارڈز میجر جنرل امجد حنیف ستی، بریگیڈیئر محمد خالد، میجر سعید احمد، میجر محمد طلحہٰ منان اور نائیک مدثر فیاض شامل ہیں۔