لندن، اس فتنےکی فتنہ بازی ہمیشہ کیلئے ختم کریں، قانون اور آئین کے مطابق فوراً ایکشن لیں، نواز شریف کہتے ہیں عمران خان خارجی ایجنڈا لے کر پاکستان آیا، مجھ پر ظلم کرکے پاکستان کو ڈبودیاگیا
پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس پر الیکشن کمیشن کے فیصلے پر حکومت سےکہا ہے کہ اس فتنےکی فتنہ بازی ہمیشہ کے لیے ختم کریں، قانون اورآئین کے مطابق فوراً ایکشن لیں۔
لندن میں ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندوں سےگفتگو کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ 8 سال بعد آیا ہے، مکمل ثبوت اور حقائق کے ساتھ فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ آیا ہے، ہمارے زمانے میں واٹس اپ پر جے آئی ٹی بن گئی تھی، جے آئی ٹی نے فٹا فٹ آنکھ جھپکتے ہی اپنی جعلی رپورٹ بنادی تھی جب کہ فارن فنڈنگ کیس کی 8 سال تفتیش ہوچکی ہے، سب کچھ سامنے آیا ہے۔
عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ یہ قوم کو درس دیتا تھا کہ دیانت دار اور ایماندار ہوں، چوری نہیں کرتا، عمران خان کا تاریخ کا سب سے بڑا ڈاکا ثابت ہوگیا ہے، سب سے بڑی تاریخ کی چوری ثابت ہوگئی ہے، سب سے بڑی منی لانڈرنگ ثابت ہوگئی ہے، یہ کہتا ہے تھوڑی سی منی لانڈرنگ کرلی تو کیا ہوا، اس کو پتہ تھا کہ اس نے بہت بڑی منی لانڈرنگ کی ہوئی ہے، اس لیے بار بار کہتا تھا کہ چیف الیکنش کمشنر استعفیٰ دے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ بیرونی ایجنڈے پر تھا، اس رپورٹ کے بعد کوئی شک باقی نہیں رہا، عمران خان غیر ملکی ایجنڈے کو پاکستان میں نافذ کرنےکی کوشش کر رہا تھا، الیکشن کمیشن کی رپورٹ کوئی چھوٹی موٹی رپورٹ نہیں، مجھے ایسی چیز پر نکال دیا گیا جو سمجھ نہیں آتی کہ بیٹے سے تنخواہ نہیں لی، تنخواہ بنتی تھی جو چند لاکھ تھی، میں نے نہیں لی، میرا بیٹا ہے میں تنخواہ لوں یا نہ لوں، اس پر مجھے نکال دیا، وزیراعظم کو نکال دیا، پاکستان کی تاریخ کا پہلا واقعہ ہے، قوم اس بات کا نوٹس لے، جو ظلم اس شخص نےکیا۔