کراچی، وفاق ہائے ایوان صنعت و تجارت کی تقریب، وزیر اعلیٰ سندھ کی شرکت
وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ صحت کے شعبے کو بہتر کرنے
کی بھرپور کوشش کررہے ہیں، سندھ حکومت کی پہلی ترجیح تعلیم اور صحت ہے،
موبائل یونٹس سندھ حکومت کے لئے تحفہ ہے۔
وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے فیڈریشن ہاؤس میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے
کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ سندھ کے کسی بچے کو علاج کے لئے باہر نہ جانا پڑے۔
ان کا کہنا تھا کہ سندھ کے مسائل بہت زیادہ ہیں جو جلد حل نہیں ہوسکتے
لیکن مسائل حل کرنے کے لیے سمت کا تعین ہوسکتا ہے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ چوہدری نثارجب تقریر کررہے تھے اس وقت میں مدینے
میں پاکستان کے لئے دعائیں کررہا تھا، چوہدری نثارکے بیان کی میرے نزدیک
کوئی اہمیت نہیں جب کہ چوہدری نثار کے بیان کے معاملے پر پیپلزپارٹی کا
مشترکہ موقف سامنے لایا جائے گا، کابینہ میں 90 فیصد لوگ اسمبلی کے رکن ہیں
جب کہ میں خود بھی سیاستدان کا بیٹا ہوں۔
وزیر اعلی سندھ نے انٹر بورڈ سے متعلق شکایات موصول ہونے پر کہا کہ
انٹربورڈ کے خلاف شکایات موصول ہوئی تھیں اسی وجہ سے اینٹی کرپشن کو
تحقیقات کے لئے کہا گیا، انٹر بورڈ میں جو بھی کرپشن کے معاملے میں ملوث
ہوا اسے نہیں چھوڑیں گے جب کہ بچوں کا مستقبل تباہ کرنے کی اجازت نہیں دے
سکتے۔
وزیر اعلی سندھ نے سڑکوں کی مرمت کے حوالے سے کہا کہ 10 ارب سے کراچی کی
سڑکوں کی مرمت کی جائے گی، پہلے شہر کی اہم شاہراہوں کی تعمیرات کو مکمل
کریں گے۔ تمام منصوبوں کی خود نگرانی کررہے ہیں، وہ ہر 15 دن میں ترقیاتی
سرگرمیوں کی خود رپورٹ لیں گے اور جلد ہی سب کو نظر آئے گا کہ سندھ حکومت
درست سمت میں کام کررہی ہے۔
دوسری جانب مراد علی شاہ نے کہا کہ پانی کے منصوبے’’کے 4 کے پہلے مرحلے کا
کل افتتاح کررہے ہیں جس سے شہر کو یومیہ 260 ملین گیلن پانی اضافی ملے گا۔