اسلا م آباد ،وزیر اعظم نواز شر یف کا پا ک چین اقتصادی راہد اری کا نفرنس سے خطاب
وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ چین دنیا بھر میں پاکستان کی عزت کا محافظ ہے اور اس نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی ہے۔
اسلام آباد میں پاک چین اقتصادی راہداری کانفرنس سے خطاب کے دوران وزیر
اعظم نواز شریف نے کہا کہ پاک چین تعلقات نہایت اہمیت کے حامل ہیں، دونوں
ممالک نے مشکل وقت میں ایک دوسرے کو کبھی تنہا نہیں چھوڑا، چین دنیا بھر
میں پاکستان کی عزت کا محافظ ہے،اس نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی،
چین کا پاکستان پر بھرپور اعتماد کبھی نہیں بھولیں گے۔خطے میں امن و
استحکام کے لیے مل کر کام کریں گے۔ پاکستان اور چین کے برادرانہ تعلقات
مضبوط ہورہے ہیں، چین کے صدر کے دورہ پاکستان سے تاریخ کا نیا باب شروع ہوا
ہے۔
وزیر اعظم نواز شریف کا مزید کہنا تھا کہ پاک چین اقتصادی راہداری خطے کے
لئے امید کی کرن ہے، یہ منصوبہ پاکستان کے لئے گیم چینجر ہے اور یہ خطے کا
مستقبل تبدیل کردے گا، اقتصادی راہداری کے اثرات وسیع اور مستقل ہیں، اس سے
پاکستان کی ترقی تیز ترین ہوگی، سی پیک منصوبے میں 10ارب ڈالر صرف سڑکوں
کا جال بچھانے جب کہ توانائی کے شعبے میں35ارب ڈالرکی سرمایہ کاری کی جارہی
ہے، توانائی کے بیشتر منصوبے2018میں مکمل ہوجائیں گے۔ پاکستان تجارت کی
دنیا میں واپس آگیا ہے اور دنیا سے تجارت کرناچاہتا ہے، پاکستان باصلاحیت
انسانی وسائل سے مالا مال ہے اور یہاں سلامتی کی صورتحال بہت بہترہوئی ہے،
ملک میں جاری منصوبوں سے نیا دور آئے گا اور غربت کا خاتمہ ہو گا۔ چین
پاکستان میں ایکسپریس وے کی تعمیرمیں بھی سرمایہ کاری کررہا ہے، ایکسپریس
وے نیشنل ہائی وے سے منسلک ہوگا۔