Sep 01, 2016 05:48 pm
views : 1036
Location : Different Areas
Gwadar- PM Nawaz Sharif Inaugurates 5 developments projects in Gwadar
گوادر، وزیر اعظم نواز شر یف نے گوادر میں مختلف تر قیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد اور افتتاح کر دیا
وزیراعظم نواز شریف نے گوادر فری زون منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا، ڈیم ،
یونیورسٹی اور پاک چین اسکول سمیت مختلف منصوبوں کا افتتاح بھی کیا، تقریب
میں چینی سفیر بھی شریک ہیں۔
وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے گوادر کا دورہ کیا ہے اور اس موقع پر
مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا ہے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے اپنے
دورہ گوادر کے موقع پر فری زون ، بزنس سروس کمپلیکس اور یونیورسٹی آف گوادر
کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔
اس دوران وزیراعظم نے چین پاکستان پرائمری اسکول،ساور کور ڈیم اور شادی کور
ڈیم کا بھی افتتاح کردیا ہے، اس موقع پر مختلف منصوبوں کے افتتاح اور سنگ
بنیاد رکھے جانے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب میں گورنر محمد خان اچکزئی، وزیراعلیٰ نواب ثناء اللہ زہری ، وفاقی
وزراء عبدالقادر بلوچ،احسن اقبال اوروزیرمملکت میر حاصل بزنجو ،مشیر برائے
قومی سلامتی ناصر جنجوعہ،چین کے سفیر سن وی ڈونگ اور دیگر حکام شریک ہوئے۔
گوادر میں ترقیاتی منصوبوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران وزیر اعظم
نواز شریف نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی دم توڑ رہی ہے اور دہشت گردی کے
خاتمے میں بڑا معرکہ سر کرلیا ، اب دْم رہ گئی ہے جسے جلد ختم کردیا جائے
گا ، گوادر پاکستان ہے اور پاکستان گوادر ہے، اللہ گوادر کو نظر بد سے
بچائے اب یہ امن کا گہوارہ بن گیا ہے۔ بلوچستان امن کا گہوارہ بنتا جارہا
ہے، بلوچستان کے امن کے لیے قربانی دینے والے خراج تحسین کے مستحق ہیں۔
بلوچستان میں قیام امن میں لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ ناصر جنجوعہ کی خدمات کا
بڑا عمل دخل ہے۔
وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ اقتصادی راہداری منصوبوں پر کام جاری
ہے، توقع ہے یہ منصوبے وقت پر مکمل ہوں گے، بجلی کے منصوبوں پر تیزی سے کام
جاری ہے،چین نے بجلی کے بحران پر قابو پانے میں پاکستان کی بڑی مدد کی ہے،
2018 تک بجلی کی ضروریات پوری کرلیں گے۔ گوادر میں جاری منصوبوں میں چین
کا بھی اتنا ہی ہاتھ ہے جتنا پاکستان کا ہے۔ گوادر منصوبہ پاک چین دونوں کے
لیے یکساں فوائد کاحامل ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چینی سفیر سن وی ڈونگ نے کہاکہ گوادر پورٹ چین اور
پاکستان دوستی کی علامت ہے، گوادر پورٹ سی پیک کاایک اہم منصوبہ ہے، گوادر
پورٹ کی ہینڈلنگ استعداد میں بہتری آئی ہے۔
چینی سفیر کا کہنا تھا کہ گوادرفری زون پاکستان کی ترقی میں اہمیت کا حامل
ہوگا،انہوں نے کہاکہ ہم گوادر کے شہریوں کو تعلیمی وظائف بھی دینے جارہے
ہیں، مقامی بچوں کو چینی زبان سیکھنے کے مواقع بھی فراہم کئے جائیں گے۔