پشاور، دہشت گردی کی کوشش ناکام، 4 حملہ آور ہلاک
سیکورٹی فورسز نے پشاور میں ورسک ڈیم کے قریب کرسچین کالونی میں دہشت گردی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 4 حملہ آوروں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق اسلحہ و گولہ بارود
سے لیس 4خودکش حملہ آور صبح 5 بجکر50 منٹ پر کرسچین کالونی ورسک میں داخل
ہوئے، سیکورٹی فورسز نے فوری طور پر علاقے کو گھیرے میں لے لیا، اس دوران
فائرنگ کے تبادلے میں چاروں دہشت گرد ہلاک ہوگئے ، حملہ آوروں نے سیکورٹی
گارڈ کو نشانہ بنایا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں دو ایف سی اہلکار ، ایک پولیس کانسٹیبل اور دو سویلین گارڈ زخمی ہوئے۔
سیکورٹی فورسز نے صورتحال پر قابو پاکر گھر گھر تلاشی کا عمل شروع
کردیا۔بعد ازاں علاقے میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن مکمل کرلیا گیا۔
چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف نے پاک فوج، ایف سی اور پولیس کی فوری
اور موثر کارروائی کو سراہتے ہوئے دہشت گردی کی کوشش ناکام بنانے پر
مبارکباد دی ہے۔