Sep 02, 2016 06:28 pm
views : 985
Location : District Court
Mardan- At least 12 killed in suicide blast at Mardan district courts
مردان،ضلع کچہری میں یکے بعد دیگرے دو دھماکے،12 افراد جاں بحق
کوئٹہ کے بعد مردان میں دہشت گردوں نے وکلا کو نشانہ بنا لیا ، ضلع کچہری
میں یکے بعد دیگرے دو دھماکے کیے گئے جس میں پولیس اہلکار سمیت 12 افراد
جاں بحق ہو گئے جبکہ متعدد زخمی ہیں۔ سیکورٹی فورسز نے واقعے کے بعد علاقے
کو گھیرے میں لے لیا۔
مردان کی ضلع کچہری میں ایک کے بعد دوسرا دھماکا ہوا۔ عینی شاہدین کا کہنا
ہے خود کش بمبار نے گیٹ پر تلاشی سے بچنے کیلئے پہلے دستی بم سے حملہ کیا
اور پھر خود کو دھماکے سے اڑا لیا جس کے بعد وہاں قیامت صغریٰ مچ گئی۔
ریسکیو اہلکار فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچے اور شہریوں
کے ساتھ مل کر تڑپتے زخمیوں کو اٹھا اٹھا کر ہسپتال پہنچاتے رہے۔
بم دھماکوں کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ اس دوران ضلع کچہری کے اندر سے بھی فائرنگ کی آوازیں آتی رہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل دسمبر 2015 میں مردان میں نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ
رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے دفتر پر خود کش حملے میں 26 افراد ہلاک جبکہ
درجنوں زخمی ہو گئے تھے۔