کراچی ،یو م دفاع کے موقع پر مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب کا انعقاد
کراچی میں ہر سال کی طرح اس بار بھی مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی
پروقار تقریب ہوئی اور پاکستان ایئر فورس کے چاک و چوبند کیڈٹس نے مزار کی
سیکیورٹی کے فرائض سنبھال لئے۔گارڈز کے فرائض سنبھالنے والے دستے میں
6خواتین سمیت 98کیڈٹس شامل ہیں۔
ایئر وائس مارشل عمران خالد ائر آفیسر کمانڈنگ رسالپور اکیڈمی نے پریڈ کا
معائنہ کیا اور مراز قائد پر فاتحہ خوانی کے بعد پھولوں کی چادر بھی
چڑھائی۔ایئر وائس مارشل عمران خالد ائر آفیسر کمانڈنگ رسالپور اکیڈمی نے
مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی درج کئے۔
گارڈز کی تبدیلی کی تقریب کے موقع پر سیکیورٹی کے بھی انتہائی سخت انتظامات
کئے گئے تھے، سیکیورٹی کے لئے پولیس اور رینجرز کے جوانوں کی بڑی تعداد
موجود تھی جب کہ گارڈز کی تبدیلی سے قبل بم ڈسپوزل اسکواڈ نے بھی مزار کی
تلاشی لی۔
سال 1965میں بھارت کی جانب سے مسلط کی گئی جنگ میں قوم کی فتح کی مناسبت سے
ملک بھر میں آج 51واں یوم دفاع ملی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے۔ دن کا
آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 جب کہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21 توپوں
کی سلامی سے ہوا۔ ملک بھر میں نماز فجر کے بعد ملک کی ترقی اورخوشحالی کے
لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں جب کہ دیگر مذاہب کے ماننے والوں نے بھی اپنی
عبادت گاہوں میں ملک کی بقا اور سلامتی کے لیے خصوصی دعائیہ تقاریب کا
اہتمام کیا۔
وطن کی خاطر جان نچھاور کرنے والے شہدا اور دشمن کے سامنے سبز ہلالی پرچم
لہرانے والے غازیوں کی یاد میں خصوصی تقاریب کا بھی اہتمام کیا گیا۔ کیپٹن
راجا محمد سرور شہید، میجر طفیل محمد شہید، میجر راجا عزیز بھٹی شہید، میجر
شبیر شریف شہید، سوار محمد حسین شہید، میجر محمد اکرم شہید، لانس نائک
محمد محفوظ شہید، کیپٹن کرنل شہیر خان شہید اور لانس نائیک لالک جان شہیدکے
مزارات اور یادگاروں پر خصوصی تقاریب کا اہتمام کیا گیا اور اس عزم کا
اعادہ کیا گیا کہ وطن کے دفاع کی خاطر اپنی جانوں کی قربانی سے بھی گریز
نہیں کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں، مسلح
افواج کی اہم تنصیبات اور شہدا کی یادگاروں پر بھی خصوصی تقاریب اور ملک کے
دفاع کے لیے سامان حرب کی نمائش کی جارہی ہے۔