Sep 07, 2016 05:43 pm
views : 1069
Location : DHA City, Super Highway
Karachi- Two killed as oil tanker catches fire on Super Highway
کراچی ،آئل ٹینکر کا ٹائرپھٹنے سے متعدد گاڑیاں ٹکرا گئیں، آتشزدگی سے2 افراد جاں بحق
کراچی میں سپر ہائی وے پر ڈی ایچ اے سٹی کے قریب آئل ٹینکر کا ٹائر پھٹنے
سے متعدد گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں جب کہ حادثے کے باعث گاڑیوں میں آتشزدگی
سے 2 افراد ہلاک اور 4 زخمی ہو گئے۔
سپر ہائی وے پر ڈی ایچ اے سٹی کے قریب آئل ٹینکر کا ٹائر پھٹ گیا جس کے
نتیجے میں پیچھے سے آنے والی متعدد گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں، آئل ٹینکر
میں پٹرول ہونے کے باعث آگ بھڑک اٹھی جس نے دیگر گاڑیوں کو بھی لپیٹ میں لے
لیا، آتشزدگی کی زد میں آنے والی گاڑیوں میں گاڑیوں سے لدا ہوا ایک ٹرالر
بھی شامل ہے۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے کے باعث لگنے والی آگ سے متاثرہ ایک
گاڑی سے 2 افراد کی جھلسی ہوئی لاشیں نکال لی گئی ہیں جب کہ 4 افراد کو طبی
امداد کے لئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
حادثے کے باعث سپر ہائی وے کو ہر قسم کی ٹریفک کے لئے روک دیا گیا ہے جس کے
باعث شدید ٹریفک جام ہو گیا ہے۔ گاڑیوں میں لگی آگ کو بجھانے کے لئے فائر
ٹینڈر کو موقع پر روانہ کردیا گیا ہے تاہم ٹریفک جام کے باعث فائر بریگیڈ
حکام کو آگ بجھانے میں شدید دشواری کا سامنا ہے۔