ملتان ، عوام ایکسپریس اور مال گاڑی میں تصادم سے 6افراد جاں بحق، درجنوں زخمی
بچھ ریلوے اسٹیشن کے قریب پشاور سے کراچی جانے والی عوام ایکسپریس اور
مخالف سمت سے آنے والی مال گاڑی میں تصادم ہو گیا جس کے نتیجے میں کم از کم
6افراد جاں بحق اور 150 زخمی ہو گئے۔
ملتان سے شجاع آباد کی طرف جانے والی والی مال گاڑی کے نیچے ایک شخص آ گیا
جس کے باعث ڈرائیور نے ٹرین روک لی جب کہ ملتان سے کراچی جانے والی عوام
ایکسپریس بھی اسی پٹری سے گزر رہی تھی جو بچھ اسٹیشن کے قریب کھڑی مال گاڑی
سے زور دار دھماکے سے ٹکڑا گئی۔ مال گاڑی اور مسافر ٹرین کے درمیان تصادم
سے عوام ایکسپریس کا انجن اور 3 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں جب کہ مال گاڑی کی
بھی 5 بوگیاں پٹری سے اتریں۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں کم از کم6افراد جاں بحق اور150سے زائد
زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر نشتر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرز کے
مطابق 10 افراد کی حالت تشویش ناک ہے۔ ملتان کے نشتر اسپتال میں ایمرجنسی
نافذ کر دی گئی ہے جب کہ ڈاکٹرز کی جانب سے عوام سے خون کے عطیات دینے کی
اپیل کی گئی ہے۔ حادثے میں جاں بحق ہونے والے 2 افراد کی شناخت ناصر اور
سردار کے ناموں سے ہوئی ہے جن کا تعلق رحیم یار خان سے بتایا جا رہا ہے۔