نیویارک،وزیر اعظم نوازشریف کی برطانوی وزیراعظم تھریسامے سے ملاقات
نیویارک میں وزیراعظم نوازشریف کی برطانوی وزیراعظم تھریسامے سے ملاقات
ہوئی ہے جس میں دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال
کیا گیا۔ وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیر میں بگڑتی صورتحال سے برطانوی وزیراعظم
کو آگاہ کیا۔
برطانوی وزیراعظم سے ملاقات میں وزیر اعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ ہم کسی
قیمت پر اپنے کشمیری بھائیوں کو مایوس نہیں کریں گے۔ مقبوضہ کشمیر میں
انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں عروج پر ہیں اور عالمی برادری پر ذمہ
داری عائد ہوتی ہے کہ وہ بے گناہ کشمیریوں پرمظالم بند کروائے اور اگر
عالمی برادری بھارتی مظالم روکنے میں کامیاب نہیں ہوئی تو بھارت کا حوصلہ
بڑھے گا۔
وزیراعظم نوازشریف نے برطانوی وزیراعظم پر زور دیا کہ وہ طاقت کے استعمال
کو روکنے کیلئے اپنا کردارادا کریں۔وزیراعظم نواز شریف نے مسئلہ کشمیر پر
پاکستان کا موقف پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کیلئے
سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد ضروری ہے، جموں و کشمیر کی عوام کو
اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کی اجازت دینی چاہیے۔ ملاقات میں برطانوی
وزیراعظم نے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پاکستان کی کوششوں کوسراہا۔