صوابی،کرپشن کی ٹیم بنائی گئی تو نواز شریف اُس کے کپتان ہوں گے، عمران خان
چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا تھا کہ ملک میں اگر کرپشن کرنے والوں
کی ٹیم بنائی گئی تو نواز شریف اس کے کپتان اور مولانا فضل الرحمان وائس
کپتان ہوں گے۔
صوابی میں جلسے سے خطاب کے دوران چیئر مین پا کستان تحریک انصاف عمران خان
کا کہنا تھا کہ سی پیک پر تمام پاکستانیوں کو مبارک باد دیتا ہوں کیونکہ یہ
ایسا منصوبہ ہے جو ملک کا مستقبل روشن کردے گا، اس سے پورے پاکستان کو
فائدہ ہوگا، ہمارا مسئلہ چین سےنہیں وفاقی حکومت سے ہے ، ہمیں سی پیک پر
وفاق سے تحفظات ہیں، چین ہمیشہ سے پاکستان کا دوست ہے، دوست وہی ہوتا ہے جو
مشکل وقت میں آپ کے ساتھ ہوتا ہے، چین ہر مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ
کھڑا رہا۔
چیئر مین پا کستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ وزیراعظم اپنی زبان کے
پکے نہیں، وزیراعظم نے اے پی سی میں پہلے مغربی روٹ بنانے کا وعدہ کیا، اب
کہا جارہا ہے کہ خیبرپختونخوا سی پیک کا حصہ نہیں، بلوچستان، خیبرپختونخوا
اور سندھ کو ان کا حق ملنا چاہئے، کیونکہ جب حق نہیں ملتا تو انتشار پیدا
ہوتا ہے۔
چیئر مین پا کستان تحریک انصاف عمران خان کا مز ید کہنا تھا کہ سوئٹزر
لینڈ میں 3 قومیں بستی ہیں لیکن تمام قوموں کو یکساں حق ملتا ہے ، اس لیے
کبھی کسی نے علیحدہ ملک کا مطالبہ نہیں کیا۔ اگر ہم حقوق دیتے تو مشرقی
پاکستان الگ نہ ہوتا، بلوچستان میں اربوں روپے سیکیورٹی پر خرچ ہورہے ہیں
کیونکہ وہاں انصاف نہیں کیا گیا، بلوچستان کو اس کے حق سے محروم کیا گیا،
بلوچستان میں غربت کم ہوتی تو پورے پاکستان کو فائدہ ہوتا۔