div>لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف اور گورنر پنجاب رفیق رجوانہ کے
درمیان ملاقات ہو ئی ۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، امن عامہ کی
صورتحال اور صوبے میں عوام کی فلاح و بہبود کیلئے جاری ترقیاتی منصوبوں پر
تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں رہنماؤں کی ملاقا ت وزیر اعلیٰ ہا ؤس پنجاب میں
ہو ئی ۔
اس موقع پروزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ترقیاتی منصوبوں
میں اربوں روپے کے وسائل بچا کر شاندار مثال قائم کی گئی ہے۔ دور آمریت
میں ترقیاتی منصوبوں کے نام پر قومی وسائل کو بے دردی سے لوٹا گیا۔اس وقت
کے حکمرانوں نے کاغذی منصوبوں کے ذریعے اپنی جیبیں بھریں۔
وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ شفافیت اور اعلیٰ معیار کے
ساتھ منصوبوں کی تکمیل ہمارا طرہ امتیاز ہے۔موجودہ حکومت کی شفافیت اور
معیار کے ساتھ منصوبوں کی تکمیل کو بین الاقوامی سطح پر بھی سراہا جا رہا
ہے۔ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت پر کوئی مخالف بھی انگلی نہیں اٹھا سکتا۔
وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب کی ترقی اور
وہاں کے عوام کی خوشحالی کیلئے تاریخ کا سب سے بڑا بجٹ دیا گیا ہے۔جنوبی
پنجاب کے عوام کی ترقی اور خوشحالی انتہائی عزیز ہے۔ترقیاتی اور دیگر
پروگراموں میں جنوبی پنجاب کے کوٹے میں اضافہ کیا گیا ہے۔پاکستان میں
انتہاپسندی، دہشت گردی اور فرقہ واریت کی کوئی گنجائش نہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے عوام کے
جان و مال کے تحفظ کیلئے موثر اقدامات اٹھائے ہیں۔ وزیر اعظم محمد نواز
شریف کی قیادت میں عوام کی ترقی و خوشحالی کے پروگرام پر عمل پیرا ہیں۔عوام
کو بہتر سے بہتر سہولتوں کی فراہمی کے مشن پر گامزن ہیں۔ہمارا ہر قدم عوام
کی فلاح و بہبود اور ان کا معیار زندگی بلند کرنے کیلئے اٹھ رہا ہے۔
گورنر پنجاب رفیق رجوانہ کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف اور ان کی
پوری ٹیم انتہائی محنت سے صوبے کے عوام کی خدمت کر رہی ہے۔ پنجاب حکومت کے
فلاح عامہ کے منصوبوں سے عوام مستفید ہو رہے ہیں۔