کراچی، کراچی پریس کلب کے انتخابات برائے سال 2017ء
کراچی پریس کلب کے انتخابات برائے سال 2017ء کیلئے پولنگ کا آغاز ہوگیا۔
پولنگ کا عمل بغیر کسی رکاوٹ کے شام پانچ بجے تک جاری رہے گا۔ صحافیوں کی
بڑی تعداد اپنے صدر اور سیکریٹری کے علاوہ گورننگ باڈی کا انتخاب کرے گی۔
کراچی پریس کلب کے انتخابات میں تین گروپس ڈیموکریٹس، جرنلسٹس گروپ اور چاند پینل میدان میں ہیں۔
معروف صحافی اور ڈیموکریٹس پینل کے سیکریٹری کے امیدوار اے ایچ خانزادہ کا
کہنا تھا کہ کراچی پریس کلب میں ہر سال انتخابات لازمی ہوتے ہیں، چاہے
پاکستان میں انتخابات ہوں یا نہ ہوں، ملک میں آمریت ہو یا جمہوری حکومت لیکن
کراچی پریس کلب میں ہر سال انتخابات ضرور ہوتے ہیں۔ ہر سال کی یہ روایت
ہمارے لئے قابل فخر ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ ڈیموکرٹس پینل انتخاب میں فتح حاصل کرے گی اور
اسی طرح پریس کلب کی ناموری ،صحافیوں کی فلاح وبہبود کا سلسلہ آئندہ بھی
جاری رہے گا۔
اے ایچ خانزادہ کا مزید کہنا تھا کہ یہاں ایک خوبصورت روایت یہ ہے کہ ہم
انتخابات اپنے اپنے ایجنڈے کے مطابق لڑتے ہیں اور نتیجہ آنے کے بعد ہم سب
ایک ساتھ بیٹھ جاتے ہیں۔ کوئی دھاندلی نہیں ہوتی۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے
اعلان کردہ نتائج کو تسلیم کرتے ہیں اور پھر پورا سال منتخب عہدیداران اپنے
فرائض انجام دیتے ہیں۔