div align="right">لا ہور میں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیرصدارت اجلاس ہوا۔اجلاس
میں جناح ہسپتال میں قصور کی رہائشی مریضہ کے جاں بحق ہونے کے افسوسناک
واقعہ کے بارے میں ابتدائی رپورٹ پیش کی گئی۔اس موقع پروزیراعلیٰ پنجاب
محمد شہباز شر یف نے جناح ہسپتال میں مناسب علاج معالجہ نہ ملنے پر مریضہ
کے جاں بحق ہونے پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشر یف نے افسوسناک واقعہ کے حوالے سے غفلت، کوتاہی
اور نااہلی کا مظاہرہ کرنے پر سخت ایکشن لیا۔وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہباز شر
یف نے جناح ہسپتال کے ایم ایس کو فوری معطل کرنے کا حکم دیا۔ذمہ دار
ڈاکٹروں اور دیگر عملے کے خلاف بھی سخت ترین کارروائی کی بھی ہدایت کی۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کا کہناتھا کہ ایم ایس جناح
ہسپتال، ذمہ دار ڈاکٹروں اور دیگر عملے کے خلاف محکمانہ کارروائی بھی عمل
میں لائی جائے۔غفلت کے ذمہ داروں کے خلاف قانون کے تحت سخت ترین کارروائی
ہوگی۔فرش پر مریضہ کو لٹانا بدترین نااہلی اور فرائض سے غفلت ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شر یف نے مناسب علاج معالجہ نہ ملنے پر مریضہ
کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کا کہناتھا کہ اس واقعہ میں غفلت کا
مظاہرہ کرنے والوں کو مثال بنائیں گے۔باتوں سے کام نہیں چلے گا۔
مریضوں کو علاج معالجے کی سہولتوں کی فراہمی کیلئے کوئی دقیقہ فروگزاشت
نہیں کیا جائے گا۔ایک مریضہ علاج معالجہ کی مناسب سہولتیں نہ ملنے کے باعث
دم توڑ جائے، میں یہ قطعاً برداشت نہیں کروں گا۔
صوبائی وزراء خواجہ سلمان رفیق، عمران نذیر، سیکرٹری اسپیشلائزڈ و میڈیکل
ایجوکیشن، سیکرٹری پرائمری و سکینڈری ہیلتھ اور دیگر حکام نے اجلاس میں
شرکت کی۔