لودھراں، ٹرین حادثے پر عمران خان نے خواجہ سعد رفیق سے استعفے کا مطالبہ کردیا
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ آئی
سی آئی جے کی ای میلز سے ثابت ہوتا ہے کہ لندن کے فلیٹس کی اصل مالکہ مریم
نوازہیں۔
لودھراں میں ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ ٹرین حادثہ
مجرمانہ غفلت کا نتیجہ ہے، یہ ظاہرکرتا ہے کہ کہیں نہ کہیں کسی نہ کسی نے
کوتاہی کی ہے، جس کے ذمہ داروں کا تعین اورریلوے کے وزیرکومستعفی ہونا
چاہیے، جب تک وزیرریلوے استعفیٰ نہیں دیں گے، معاملے کی شفاف تحقیقات نہیں
ہوپائے گی، ریلوے کا وزیرایک شخص کی ذاتی کرپشن کو بچانے کیلئے سپریم کورٹ
میں بیٹھا ہوتا ہے تو پھرریلوے کا یہی حال ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ مقامی
لوگوں کا خیال ہے کہ وزیراعظم نے لودھراں کیلئے ڈھائی ارب روپے کے ترقیاتی
پیکیج کا اعلان کررکھا تھا، اس میں سے تھوڑی رقم علاقے کے ریلوے پھاٹک
پرلگادیتے تو شاید واقعہ پیش نہ آتا۔
نیب کے قوانین سے متعلق عمران خان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے خلاف بدعنوانی کے
12 اوران کے بھائی شہبازشریف پرکرپشن کا ایک مقدمہ ہے لیکن نیب نے کارروائی
نہیں کی، اس ادارے کی وجہ سے ملک میں کرپشن کم ہونے کے بجائے بڑھ رہی ہے،
نیب بڑے ڈاکوؤں کو بچاتی اورچھوٹے چوروں کو پکڑتی ہے، چھوٹےچوروں کو پکڑنے
سے ملک میں کرپشن ختم نہیں ہوگی۔
پاناما کیس سے متعلق چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ آئی سی آئی جے کی
ای میلزسے ثابت ہوتا ہے کہ لندن کے فلیٹس کی اصل مالکہ مریم نواز ہیں، اگر
ہمارے شواہد مان لیے جاتے ہیں تو یہ ثابت ہوجاتا ہے کہ مریم نواز اپنے والد
کی فرنٹ مین ہیں اور یہ ساری رقم نواز شریف کی ہے کیونکہ مریم نواز کے پاس
تو دولت نہیں ہے اور نواز شریف نے کرپشن اور منی لانڈرنگ کرکے فلیٹ لیے
ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاناما کیس سے فارغ ہونے کے بعد آئندہ عام انتخابات
کے لیے پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم پرغورکیا جائے گا کیونکہ انشا اللہ اسی برس
انتخابات ہوں گے۔