کراچی ، وزیر بلدیات جام خان شورو نے تین روزہ پاک واٹر ایکسپو کا افتتاح کر دیا
وزیربلدیات سندھ جام خان شورو نے ایکسپو سینٹر کراچی میں تین روزہ پاک واٹر
ایکسپو کا افتتاح کر دیا۔ نمائش میں چین، تائیوان اور ترکی سے بھی کمپنیاں
اور مندوبین شرکت کر رہے ہیں۔جام خان شورو نے منرل واٹر کمپنیوں کے لیے
قوانین بنا کر انہیں پابند بنانے کی ہدایت کر دی۔
پاک واٹر ایکسپو پرائم ایونٹ مینجمنٹ کی جانب سے منعقد کیا گیا ہے ۔ وزیر
بلدیات سندھ نے ڈائریکٹر پرائم ایونٹ کامران عباسی کے ہمراہ فیتا کاٹ کر
نمائش کا افتتاح کیا۔
وزیربلدیات سندھ جام خان شورونے نمائش میں اسٹالز پر موجود جدید مشینری
دیکھی اور شرکاء سے تبادلہ خیال کیا۔ بعد میں میڈیا سے گفت گو کرتے ہوئے
جام خان شورو نے کہا کہ منرل واٹر کے نام پر پانی بیچنے والی بہت سی
کمپنیاں غیر رجسٹرڈ ہیں۔ تمام کمپنیوں کے لیے ایس او پی بنا کر عملدرآمد کا
پابند بنایا جائے۔
وزیربلدیات سندھ جام خان شورو نے کہا کہ شہر میں پانی کی کمی کو دور کرنے
کے لیے کھارے پانی کو میٹھابنانے کے منصوبوں پر جانا پڑے گا۔ ایم کیو ایم
کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کی جانب سے تعاون کی پیش کش سے متعلق سوال کے
جواب میں جام خان شورو نے کہا کہ وہ پہلے ان سے شہر کی صفائی کے لیے جاری
100روزہ مہم میں تعاون حاصل کریں گے۔ اس کے بعد پانی کی کمی کو دور کرنے کے
لیے بھی مشترکہ حکمت عملی اپنائیں گے۔
اس دوران میڈیا سے گفت گو کرتے ہوئے ڈائریکٹر پرائم ایونٹ مینجمنٹ کامران
عباسی نے بتایا کہ یہ پاکستان میں اپنی نوعیت کا دوسرا ایکسپو ہے جو صرف
پانی اور اسے متعلقہ صنعتوں کے لیے ہے۔ اس کے لیے انہیں کراچی واٹر اینڈ
سیوریج بورڈ کا تعاون بھی حاصل ہے۔
ڈائریکٹر پرائم ایونٹ مینجمنٹ کامران عباسی نے بتایا کہ ایکسپو میں ملکی
اور غیر ملکی 35 سے زائد کمپنیاں اپنی مصنوعات متعارف کرائیں گی۔ ایکسپو کے
تینوں دن پانی کی صفائی، کھارے پانی کا میٹھا کرنے، پانی کے استعمال میں
کفایت، تقسیم، نکاسی آب کا انتظام، سیوریج کے پانی کی صفائی، صفائی کے بعد
پانی کے دوبارہ استعمال اور اس سے نکلنے والے فضلے کو سائنسی بنیادوں پر
ٹھکانے لگانے میں استعمال ہونے والی مشینری اورآلات نمائش کے لیے موجود ہوں
گے۔
ڈائریکٹر پرائم ایونٹ مینجمنٹ کامران عباسی نے مزید کہا کہ یہ ایونٹ نمائش
میں شریک کمپنیوں کے لیے کاروبار کے بہترین مواقع فراہم کرے گا۔ نمائش
12جنوری تک روزانہ صبح 10بجے سے شام 7بجے تک جاری رہے گی۔