Jan 14, 2017 06:26 pm
views : 980
Location : Different Areas
Karachi- Rain in City
کراچی، دوسرے روز بھی وقفے وقفے سے بارش
شہر میں گزشتہ روز سے کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔
کراچی میں گزشتہ روز سے بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جس سے سردی کی
شدت میں اضافہ ہو گیا ہے جب کہ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں آج کم سے کم
درجہ حرارت 13 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا اور اس وقت شہر میں 15
کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے شمال مشرقی ہوائیں چل رہی ہیں۔
محکمہ موسمیات
کے مطابق دن بھر مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ہے جبکہ شہر میں آئندہ 24
گھنٹوں کے دوران گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا بھی امکان ہے جس سے سردی کی
شدت میں بھی اضافہ ہوگا۔
بارش کے باعث نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا ہے، شہر قائد میں کے الیکٹرک
کے 300 فیڈر ٹرپ کر جانے کے باعث کئی علاقوں میں گزشتہ روز سے ہی بجلی غائب
ہے جبکہ آج دفاتر اور اسکولوں میں بھی حاضری معمول سے بہت کم ہے اور
سڑکوں پر پبلک ٹرانسپورٹ کم ہونے کے باعث مسافروں کو شدید دشواری کا سامنا
ہے۔ اس کے علاوہ نشیبی علاقوں میں جگہ جگہ پانی جمع ہو گیا ہے جس نے شہریوں
کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔