Jan 16, 2017 03:29 pm
views : 994
Location : CM Secretariat
Lahore- CM Punjab Shahbaz Sharif chairs Meeting regarding Traffic Reforms
لاہور، وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کیلئے قائم ا سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس
لا ہو ر میں وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ٹریفک نظام کو
بہتر بنانے کیلئے قائم سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا ۔اجلاس میں لاہور سمیت
صوبے کے بڑے شہروں میں ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کے حوالے سے تجاویز،
سفارشات اور اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہبازشر یف کا کہنا تھا کہ موثر ٹریفک
مینجمنٹ اور ٹریفک ری انجینئرنگ کے ذریعے ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانا
ہوگا۔بہترین ٹریفک مینجمنٹ کا نظام مہذب معاشرے کی پہچان ہوتا ہے۔ٹریفک
قوانین کا موثر انداز میں نفاذ بھی ضروری ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہبازشر یف کا کہنا تھا کہ ٹریفک کی خلاف ورزی کے
حوالے سے قوانین اور جرمانوں کا جائزہ لے کر جلد حتمی سفارشات پیش کی
جائیں۔ٹریفک پولیس میں نااہل اور کام چور عملے کی قطعاً گنجائش نہیں۔ٹریفک
نظام کو بہتر بنانے کیلئے ٹریفک پولیس کے عملے کو فرض شناسی، ایمانداری اور
محنت سے کام کرنا ہوگا۔غفلت یا کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہبازشر یف کا کہنا تھا کہ لاہور کی پانچ سڑکوں کو
ماڈل روڈ بنانے کیلئے فوری طور پر اقدامات کئے جائیں۔فیروزپور روڈ، جیل
روڈ، علامہ اقبال روڈ، گلبرگ مین بیلوارڈ اور پیکو روڈ کو ماڈل روڈز بنایا
جائے گا۔ماڈل روڈ پر ٹریفک کے ماڈل نظام کے تحت ٹریفک کو رواں دواں رکھنا
ہوگا۔ٹریفک نظام بہتر بنانے کیلئے تجاوزات کا خاتمہ اور پارکنگ کا جامع
نظام بھی بنا کر اس پر فوری عملدرآمد کیا جائے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہبازشر یف کا کہنا تھا کہ اب عملی اقدامات کرنا ہوں
گے ،ہاتھ پر ہاتھ رکھنے سے کام نہیں ہوگا۔عوام کی سہولت کیلئے ایسے
اقدامات اٹھائے جائیں جن سے آمد و رفت میں شہریوں کو آسانی ہو۔تعلیمی
اداروں میں ٹریفک ایجوکیشن پروگرام پر تسلسل کے ساتھ عملدرآمد جاری رکھا
جائے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہبازشر یف نے نصاب میں ٹریفک ایجوکیشن کے حوالے سے شامل مضامین کے معیار کو مزید بہتر بنانے کی بھی ہدایت کی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہبازشر یف کا کہنا تھا کہ ڈینگی کی طرز پر ٹریفک
نظام کے حوالے سے بھی امتحانات میں سوالات شامل کئے جائیں۔ٹریفک مینجمنٹ کے
حوالے سے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کی جائے
گی۔ناقص کارکردگی پر بازپرس ہوگی۔انفارمیشن ٹیکنالوجی کی مدد سے ٹریفک کے
بہاؤ اور دیگر امور کو مانیٹر کیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہبازشر یف کا مزید کہنا تھا کہ ٹریفک مینجمنٹ کی
بہتری سے شہریوں کو ٹریفک کے مسائل سے نجات دلانا متعلقہ ادارو ں کی ذمہ
داری ہے۔تعلیمی اداروں کو بسوں کی فراہمی کے حوالے سے تجاویز کا جائزہ لے
کر جلد حتمی شکل دی جائے، سٹیئرنگ کمیٹی اس ضمن میں ازخود فیصلے کرے۔ون
ویلنگ کی روک تھام کیلئے زیروٹالرنس کی پالیسی پر عملدرآمد کیا جائے۔عوام
کی تکلیف میری تکلیف ہے۔فیصلو ں پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔ٹریفک
نظام میں بہتری لا کر عوام کو ریلیف دیا جاسکتا ہے۔سٹیئرنگ کمیٹی شارٹ ٹرم
اقدامات کیلئے جدت اور انفرادیت کو اپنائے۔
صوبائی وزیر اورا سٹیئرنگ کمیٹی کے سربراہ جہانگیر خانزادہ، معاون خصوصی
ملک احمد خان، اراکین اسمبلی میاں مرغوب احمد، میاں نصیر احمد، وحید گل،
مشیر ڈاکٹر عمر سیف، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، متعلقہ محکموں کے
سیکرٹریز اور اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔