اسلا م آباد ، پاناما کیس میں نواز شریف کی اخلاقی ساکھ ختم ہوچکی ہے، عمران خان
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا کہ جمہوریت میں
سربراہ کو اخلاقی قوت حاصل ہوتی ہے لیکن نوازشریف کی اخلاقی ساکھ ختم ہوچکی
ہے۔
سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان
کا کہنا تھا کہ 2016 تک نواز شریف نے لندن کے فلیٹس کی ملکیت تسلیم نہیں
کی جب کہ ان کے وہم وگمان میں نہیں تھا کہ معاملہ سپریم کورٹ میں چلا جائے
گا اور ان کی تلاشی ہوگی لیکن پاناما نے ان کو بے نقاب کردیا ہے۔
چئیرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا کہ میرے لیے کہا
جاتا تھا یوٹرن لیتا ہوں لیکن آج نواز شریف نے تاریخ کا سب سے بڑا یو ٹرن
لیا ہے، نوازشریف پارلیمنٹ میں کچھ اور باہر کچھ کہتے ہیں، انہوں نے اسمبلی
میں کہا کہ احتساب کیے لیے تیار ہیں اور وہ کوئی آئینی استثنا نہیں لیں
گے، ہمارے پاس سارے دستاویزات ہیں لیکن آج کہہ رہے ہیں جھوٹ بولنے کا
استثنیٰ حاصل ہے اور ہمارے پاس کوئی دستاویز نہیں۔
چئیرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا کہ جمہوریت میں سربراہ
کو اخلاقی قوت حاصل ہوتی ہے، نوازشریف کی اخلاقی ساکھ ختم ہوچکی ہے جب کہ
اگر مریم نواز لندن فلیٹس کی مالک ہیں تو قطری شہزادے کے خط کی کوئی قانونی
حیثیت نہیں رہتی، قطری کا خط جھوٹا ثابت ہوا تو اس کا مطلب ہے کہ یہ فلیٹس
حسین نواز کے نہیں۔ چئیرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے مزید کہا
کہ اگر آئی سی آئی جے اور بی بی سی نےغلط کہا ہے تو نواز شریف ان پرکیس
کریں۔