پارا چنار کی سبزی منڈی میں دھماکے سے 13 افراد جاں بحق، 40 سے زائد زخمی
پارا چنار کی سبزی منڈی میں دھماکے سے 13 افراد جاں بحق اور 40 سے زائد زخمی ہو گئے۔
پولیٹیکل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پارا چنار کی سبزی میں دھماکے سے 13
افراد جاں بحق اور 40 سے زائد زخمی ہو گئے، مقامی افراد اور امدادی ٹیموں
کے اہلکاروں نے زخمیوں کو فوری طور پر ایجنسی ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کیا
جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق دھماکا ریموٹ کنٹرول کے
ڈیوائس کے ذریعے کیا گیا اور دھماکا خیز مواد پھلوں کی پیٹی میں چھپا کر
رکھا گیا تھا۔
پولیٹیکل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ دھماکے کے وقت مارکیٹ میں عوام کا رش تھا
جبکہ اسپتال میں ڈاکٹرز کی کمی کے باعث مریضوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
دوسری جانب ایم این اے ساجد طوری کا کہنا ہے کہ متعدد زخمیوں کی حالت
تشویشناک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے دھماکے میں 6 افراد کے جاں
بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ دیسی ساختہ بارودی سرنگ کا دھماکہ 8
بج کر 50 منٹ پر ہوا، فورسز نے علاقے کا محاصرہ کر کے تخریب کاروں کی
گرفتاری کے لئے آپریشن شروع کر دیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دھماکے میں
شدید زخمی ہونے والوں کو ہیلی کاپٹر کی مدد سے دیگر شہروں میں منتقل کیا
جائے گا۔