اسلام آباد ،تمام ثبوت کہتے ہیں کہ لندن فلیٹس کی اصل مالکہ مریم نواز ہی ہیں، عمران خان
چیئر مین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا کہ مے فئیر فلیٹس کی
اصل مالکہ مریم نواز ہیں تاہم اگر دستاویزات غلط ہیں تو یہ برطانوی اخبار
کے خلاف مقدمہ کریں۔
سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئےچیئر مین پاکستان تحریک انصاف
عمران خان نے کہا کہ ہم نے عدالت میں ساری دستاویزات جمع کرائی لیکن انہوں
نے کچھ بھی نہیں دیا، ہم نے ایک برطانوی اخبار کے صحافی کو میل کی جس پر
ہمیں جواب دیا گیا لیکن یہ کہتے ہیں کہ یہ فراڈ ہے اور اگر یہ فراڈ ہے تو
پھر مسلم لیگ (ن) اس اخبار پر کیس کرے، جس صحافی نے آرٹیکل لکھا ہے اس کو
پکڑیں۔
چیئر مین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ اصولی طور پر پاناما
کیس کی تفتیش نیب، ایف آئی اے اور ایف بی آر کا کام تھا لیکن ان اداروں
کو نواز شریف نے کنٹرول کیا ہوا ہے اور ایف بی آر میں انہوں نے اپنے لوگ
بٹھائے ہوئے ہیں جو انہیں نئے نئے کاغذات بناکر دے رہے ہیں لہذا جو
دستاویزات ہمیں بیرون ملک سے ملتی ہے ہم وہ عدالت کے روبرو پیش کررہے ہیں۔
چیئر مین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے مزید کہا کہ آئی سی آئی جے،
جرمن اخبار اور بی بی سی نے کہا ہے کہ مریم نواز ہی لندن فلیٹس کی اصل
مالکہ ہیں اور اسحاق ڈار کا بیان بھی موجود ہے جس میں انہوں نے کہا کہ منی
لانڈرنگ ہوئی، یہ سارے ثبوت موجود ہیں لیکن ہمیں کہا جارہا ہے کہ دستاویزات
فراڈ ہیں، سارے دستاویزات کہہ رہے ہیں کہ اصل مالکہ مریم نواز ہیں اور 90
کی دہائی میں انہوں نے مے فئیر اپارٹمنٹ خریدے۔