Jan 28, 2017 06:45 pm
views : 781
Location : Domestic Place
Karachi- Mayor Karachi Waseem Akhter Media Talk
کراچی، پورا کراچی کچرے کا ڈھیر بن کر رہ گیا ہے، اربوں روپے فنڈز چاہئیں، کام کرکے دکھاؤں گا، میئر کراچی وسیم اختر
میئر کراچی وسیم اختر کا کہنا ہے کہ پورا کراچی کچرے کا ڈھیر بن کر رہ گیا
ہے۔ کچرے کے پہاڑ بنے ہوئے ہیں۔ کوئی سڑک سلامت نہیں ہے۔ یہ آٹھ سالوں کی
بگاڑ ہے۔ سیوریج تباہ ہے جس کیلئے اربوں روپے فنڈز درکار ہیں۔ میں نے وزیرا
علیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے درخواست کی ہے اگر فنڈز مل جاتے ہیں تو میں
سڑکوں بھی بناؤں گا، کچرا بھی نظر نہیں آئے گا اور سیوریج بھی بہتر ہوجائے
گا۔
ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے میئر کراچی وسیم اختر کا
مزید کہنا تھا کہ اگر پیسہ کوئی روک کر رکھ رہا ہے تو کراچی کی عوام دیکھ
رہی ہے۔ کراچی کی عوام باشعور ہے۔ یہ پیسہ کراچی کے عوام کیلئے خرچ ہونا
چاہیے۔ سیاسی بیانات سے مسئلے حل نہیں ہوں گے۔ سب کو دفتر سے باہر نکلنا
ہوگا۔ ہمیں سیاسی بیانات سے گریز کرنا چاہیے۔ عملی طو رپر سڑکوں پر آکر
عوام کو ریلیف پہنچانا چاہیے۔ یہ ہم سب کی ذمہ داری بنتی ہے۔ سولڈ ویسٹ
مینجمنٹ صوبائی حکومت کے زمرے میں آتا ہے۔ میرے ذمے کراچی کا کچرا نہیں ہے۔
میں تو رضا کارانہ طور پر کام کررہا ہوں۔ مجھے کراچی کے لوگوں کا درد ہے۔
میں جب سڑک پر ہوں تو امید کرتا ہوں کہ وزیرا علیٰ سندھ بھی دورہ کریں
کیونکہ اختیارات اور تمام فنڈز ان کے پاس ہیں۔ تب ہی مسئلہ حل ہوگا۔ سیاسی
بیانات سے گریز کرکے ہمیں عوام کو ریلیف پہنچانا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی آئی ڈی سی نالے کا بہت عرصے سے ایشو چل رہا تھا، یہ
پندرہ کلو میٹر تک لمبا نالہ ہے۔ ہر جگہ کہیں نہ کہیں مسئلہ آرہا تھا۔ اس
کی صفائی کرانے کیلئے میں خود نکلا ہوں۔ ہم اس کے اطراف کچرا کنڈی بھی
بنارہے ہیں اور دیواریں بھی بنارہے ہیں تاکہ کچرا اندر نہ جائے ۔ عوام سے
بھی درخواست ہے کہ کچرا کنڈیوں میں کچرا ڈالیں، نالے میں نہ ڈالیں۔