لاہور ، وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدار ت اعلیٰ سطح کا اجلاس
لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدار ت اعلیٰ سطح کا اجلاس
ہوا۔اجلاس میں چیئرمین وزیراعلیٰ معائنہ ٹیم نے غیر رجسٹرڈ سٹنٹ کے معاملے
کے بارے میں رپورٹ پیش کی۔
وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے غیر رجسٹرڈ سٹنٹ خریدنے اور مریضوں کو لگانے کے واقعہ پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کا کہنا تھا کہ غیر رجسٹرڈ سٹنٹ
کے حوالے سے محکمے اور ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان نے اپنی ذمہ داریاں
بطریق احسن ادا نہیں کیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے اس ضمن میں ہسپتالوں کے مکمل آڈٹ کا حکم
دیا۔رجسٹرڈ سٹنٹ خرید کر مریضوں کو لگانے پر ملتان انسٹی ٹیوٹ آف
کارڈیالوجی اور فیصل آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی انتظامیہ کو شاباش
بھی دی۔
وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کا کہنا تھا کہ اگر ملتان اور فیصل
آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں رجسٹرڈ سٹنٹ خرید کر مریضوں کو لگائے
جاسکتے ہیں تو پھر بعض ہسپتالوں میں غیر رجسٹرڈ سٹنٹ استعمال کرنے کی کیا
وجہ ہے؟ بعض ہسپتالوں میں غیر رجسٹرڈ سٹنٹ کی خریداری اور استعمال انتہائی
افسوسناک ہے۔بنیادی معاملات کو حل کرنا متعلقہ محکمے کی ذمہ داری ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کا کہنا تھا کہ محکمہ صحت میں استعدادکار
بڑھانے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں۔ہم نے سب سے پہلے اپنے گھر کو درست
کرنا ہے اور اس ضمن میں فرائض کی ادائیگی کو یقینی بنانا ہے۔پنجاب حکومت نے
اربوں روپے کے وسائل عام آدمی کے بہترین علاج معالجے کیلئے فراہم کئے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کا کہنا تھا کہ ان وسائل کی پائی پائی عام
آدمی تک اسی وقت پہنچ سکتی ہے جب ایک موثر مانیٹرنگ کا نظام بھی تمام امور
کا تسلسل کے ساتھ جائزہ لے۔غیر رجسٹرڈ سٹنٹ کے حوالے سے موجود مافیا کا گٹھ
جوڑ توڑیں گے۔موثر مانیٹرنگ نظام کے ہوتے ہوئے کوئی مافیا پنپ نہیں سکتا۔
وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے ہدایت کی کہ سٹنٹ کے حوالے سے یکساں پالیسی پر عملدرآمد کیا جائے۔
وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کا مزیدکہنا تھا کہ ہسپتالوں میں مریضوں کو
صرف رجسٹرڈ سٹنٹ ہی لگنا چاہیئے۔میو ہسپتال اور جناح ہسپتال کے کارڈیالوجی
وارڈز میں سٹنٹ اور ڈسپوزایبل کی فراہمی کیلئے فارمیسیاں کھولی
جائیں۔محکمہ صحت ایسا موثر میکانزم مرتب کرے جس سے معاملات پہلے سے علم میں
آئیں۔
چیئرمین وزیراعلیٰ معائنہ ٹیم کاکہنا تھا کہ انکوائری کمیٹی نے بعض
ہسپتالوں میں سٹنٹ کی خریداری کا جائزہ لیا اور تمام ریکارڈ کا آڈٹ کیا۔
صوبائی وزیرسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق،
ایڈیشنل چیف سیکرٹری، سیکرٹریز صحت، وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل
یونیورسٹی اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔