لاہور، وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے وینگ ہیلن کی قیادت میں چین کے سرمایہ کاروں کے وفد کی ملاقات
لاہو ر میں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے وینگ ہیلن کی قیادت میں چین
کے سرمایہ کاروں کے وفدنے ملاقات کی۔ملاقات میں پنجاب میں سرمایہ کاری اور
سیف سٹی پراجیکٹس کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کا کہناتھا کہ پنجاب حکومت
لاہور میں سیف سٹی پراجیکٹ پر تیز رفتاری سے کام کر رہی ہے۔لاہور کے ساتھ
دیگر 6 بڑے شہروں میں بھی اس منصوبے کا آغاز کیا جائے گا۔سیف سٹی پراجیکٹ
شہریوں کو پرامن ماحول کی فراہمی کے حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل منصوبہ
ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کا کہناتھا کہ چین کی متعدد کمپنیاں پنجاب
کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کر رہی ہیں۔پنجاب اور چین کی کمپنیوں کے
مابین بڑھتا ہوا اشتراک دونوں ممالک کے معاشی تعلقات میں اضافے کا باعث بن
رہا ہے۔پاکستان اور چین کے مابین دوستی کا لازوال رشتہ موجود ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کا کہناتھا کہ چین پاکستان کا عظیم دوست ہے
جس نے مشکل کی گھڑی میں پاکستان کا ہاتھ تھاما ہے۔چائنہ پاکستان اقتصادی
راہداری کے تحت چین پاکستان میں 52 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کر رہا ہے۔سی
پیک گیم چینجر ہے اور اس سے پورے خطے کو فائدہ ہوگا۔
وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کا کہناتھا کہ سی پیک نے پاکستان میں
بیرونی سرمایہ کاری کے دروازے کھول دیئے ہیں۔شفافیت، معیار اور برق رفتاری
سے منصوبوں کی تکمیل پنجاب حکومت کی پالیسی ہے۔سرمایہ کاروں کو پنجاب میں
ہرممکن سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔
وینگ ہیلن کاکہناتھا کہ پنجاب حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔صوبے
کی تیز رفتار ترقی کیلئے وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کے اقدامات قابل ستائش
ہیں۔
پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کے چیف آپریٹنگ آفیسر اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔