فیصل آباد،کپتان بدلنے سے کچھ نہیں ہوگا مسائل حل کرنے ہوں گے، مصباح الحق
فیصل آباد میں اقبا ل اسٹیڈیم کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیسٹ
ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا کہنا تھا کہ نئے کپتان کے لئے کسی کا نام نہیں
لوں گا کیونکہ میری تجویز سے کوئی فرق نہیں پڑے گا، بورڈ میں مشورے دینے
کیلئے بڑے عقلمند لوگ موجود ہیں وہ جس کو بہتر سمجھتے ہیں اسی کو کپتان
بنائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ کپتان کی تبدیلی سے کوئی فرق نہیں پڑے گا
بلکہ پی سی بی کو مسائل حل کرنا ہوں گے۔
قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے کہا کہ ضروری نہیں کہ کپتان ہر سیریز
جیتے، ایک سیریز میں ناکامی سے تنقید شروع ہو جاتی ہے، ایسے ریمارکس سن کر
تو کوئی کپتان بننے کو تیار نہیں ہو گا، نیا کپتان جو بھی ہوا اسے مشکلات
کا سامنا کرنا پڑے گا۔
قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے کہا کہ ایک سال قبل ریٹائر ہو رہا
تھا، بورڈ اور شائقین کے مطالبے پر ہی اب تک کھیل رہا ہوں، شائقین کرکٹ کو
بھی مثبت سوچ رکھنی چاہیئے، ٹیم پر بے جا تنقید سے برے اثرات مرتب ہوتے
ہیں۔تمام ٹیمیں اپنی ہوم کنڈیشنز میں جیت رہی ہیں، بھارت بھی ہوم کنڈیشنز
پر کھیل کر ہی نمبر ون بنا جبکہ پاکستان نے یو اے ای اور انگلینڈ میں
فتوحات حاصل کی ہیں۔
قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کی کارکردگی
میں کمی کی وجہ غیرملکی دوروں کی کمی اور فٹنس مسائل ہیں، جب تک کھلاڑیوں
کو مختلف کنڈیشنز میں کھیلنے کا تجربہ نہیں ہو گا، کارکردگی میں بہتری نہیں
آئے گی۔ کھلاڑیوں کا فٹنس لیول بہتر بنانے کی ضرورت ہے کیونکہ فٹنس میں
بہتری سے ہی صلاحیتوں میں نکھار آئے گا۔
قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے مزید کہا کہ پی ایس ایل سے نئے
کھلاڑی سامنے آئیں گے، کوچ کے حوالے سے جب پوچھا جائے گا تب اپنا موقف دوں
گا۔ کھلاڑیوں کے انتخاب کے سوال پر انہوں نے کہا کہ اس بارے میں مجھ سے
نہیں سلیکشن کمیٹی سے پوچھا جائے۔