Feb 02, 2017 02:03 pm
views : 725
Location : CM Secretariat
Lahore- CM Punjab Shahbaz Sharif chairs meeting regarding Annual Development Program 2016-17
لاہور، وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر صدارت سالانہ ترقیاتی پروگرام 2016۔17 کے حوالے سے اجلاس
لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس
ہوا۔اجلاس میں سالانہ ترقیاتی پروگرام 2016۔17 کے تحت جاری منصوبوں پر
پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔پنجاب خصوصا جنوبی پنجاب کیلئے متعدد نئی ا سکیموں
کی منظوری دی گئی۔
وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ550 ارب روپے کے سالانہ
ترقیاتی پروگرام کے تحت صوبے بھر میں غریب عوام کے معیار زندگی بلند کرنے
کی سکیموں پر کام جاری ہے۔ تعلیم، صحت ، زراعت اور سماجی شعبے کا فروغ
ہماری اولین ترجیح ہے۔ سماجی شعبوں کی مضبوطی اور عوام کو بنیادی سہولتوں
کی فراہمی کے منصوبوں پر خطیر وسائل صرف کئے جا رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب میں اربوں
روپے کے اضافی فنڈز کی فراہمی سے علاقے میں ترقی و خوشحالی آئے گی۔ صاف
پانی پروگرام کا آغاز جنوبی پنجاب کی چھ تحصیلوں سے کیا جا رہا ہے۔ صاف
پانی ہر شہری کا حق ہے اور یہ حق اسے دینا ہے۔ صوبے بھر میں جاری فراہمی و
نکاسی آب کی سکیموں پر کام کی رفتار مزید تیز کی جائے۔اس کے علاوہ غیر فعال
فراہمی آب کی سکیموں کی بحالی کیلئے تیز رفتاری سے اقدامات کی بھی ہدایت
کی۔
وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب کو فراہم کئے
جانے والے اربوں روپے کے اضافی وسائل سے صاف پانی ، تعلیم ، صحت اور
انفراسٹرکچر کے منصوبے لگائے جائیں گے۔ خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام کے
چوتھے مرحلے کے تحت کئی سڑکوں کی تعمیر و بحالی کا کام زور و شور سے جاری
ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ چوتھے مرحلے میں جنوبی
پنجاب میں اضافی دیہی سڑکیں بنائی جائیں گی۔ اس پروگرام کے تحت مکمل ہونے
والی ہزاروں کلو میٹر دیہی سڑکوں سے دیہی آبادی کو سہولتیں ملی ہیں۔
یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی رحیم یار خان کے منصوبے کو رواں برس
مکمل کرنے کے لئے کوئی کسرنہ چھوڑی جائے۔
وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کے
تحت ہزاروں نوجوانوں کو ہنر مند بنا کر بااختیار بنایا گیا ہے۔خادم پنجاب
کسان پیکیج کے تحت کسانوں کو بلا سود قرضوں کی فراہمی حکومت کا انقلاب
آفریں اقدام ہے۔ بلا سود قرضوں کی فراہمی سے چھوٹے کاشتکاروں کو ریلیف ملا
ہے۔ ہمارے ترقیاتی منصوبے شفافیت ، برق رفتاری اور معیار کے لحاظ سے اپنی
مثال آپ ہیں۔وسائل قوم کی امانت ہیں اور اس کی ایک ایک پائی نہایت
دیانتداری سے عوام کی فلاح پر صرف کی جا رہی ہے۔
چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات نے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت جاری
اسکیموں پر پیشرفت کے حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کوبریفنگ
دی۔
صوبائی وزراء رانا ثناء اللہ ، ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، ملک ندیم کامران ،
ایم این اے حمزہ شہباز، سینیٹر سعود مجید ، مشیر اعجاز نبی ، مشیر ڈاکٹر
عمر سیف ، چیف سیکرٹری ،مختلف محکموں کے سیکرٹریزاور متعلقہ حکام نے اجلاس
میں شرکت کی۔