Feb 03, 2017 04:04 pm
views : 957
Location : M-9, Karachi-Hyederabad Motorway
Karachi- PM Nawaz Sharif inaugurates Karachi-Hyderabad Motorway
کراچی ، وزیراعظم نے کراچی حیدرآباد موٹروے کے تکمیل شدہ حصے کا افتتاح کردیا
وزیراعظم نواز شریف نے کراچی حیدرآباد موٹر وے کے تکمیل شدہ حصے کا افتتاح کردیا۔
وزیراعظم نوازشریف نے کراچی حیدرآباد ایم نائن
موٹروے سیکشن ون کا افتتاح کردیا ہے۔ افتتاح کے موقع پروزیراعظم کے ہمراہ
گورنر سندھ محمد زبیر، وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ، وفاقی و صوبائی وزرا
اوردیگراہم سیاسی و سرکاری شخصیات بھی تھیں۔
کراچی کوحیدر آباد سے ملانے والی سپرہائی وے کی جگہ اب موٹر وے بنائی جارہی
ہے، 36 ارب روپے کی لاگت سے تیار ہونے والا ایم نائن منصوبہ 136 کلومیٹر
طویل ہے، اس موٹر وے میں چارانٹرچینج ،دادا بھائی، انڈسٹریل ویلی، نوری
آباد اور تھانا بولا خان شامل ہیں جو تھر پارکر، جھمپیر، کینجھر اور مختلف
علاقوں کو کراچی سے ملائیں گے۔ منصوبے کا آغاز ستمبر2015 میں ہوا اوراس کا
50 فیصد سے زیادہ مکمل ہوگیا ہے جب کہ دیگرکام رواں برس کے آخرتک مکمل
کرلیا جائے گا۔
ترجمان این ایچ اے کے مطابق کراچی حیدرآباد ایم نائن موٹر وے کے تیارشدہ
80 کلو میٹر حصے پر فی کلو میٹر ٹول ادا کرنا ہوگا اورموٹر وے پر ویگن کا
نیا ریٹ 2 روپے 58 پیسے فی کلو میٹر ہوگا۔
وزیر اعظم نواز شریف کا کراچی حیدرآباد ایم نائن
موٹروے سیکشن ون کی افتتاحی تقر یب سے خطاب کر تے ہو ئے کہناتھا کہ ملک میں ایسے لوگوں کی کمی نہیں جو اپنے
مفاد کے لیے کبھی مذہب اور کبھی سیاست کے نام پر نوجوانوں میں ہیجان پیدا
کرتے ہیں لہذا ہمیں اپنی نئی نسل کو ایسے لوگوں سے بچانا ہے۔
وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ تعمیر وطن کے سفر میں آج ایک
نیاسنگ میل عبور کرنے جارہے ہیں، کراچی حیدر آباد موٹر وے کا افتتاح بھی اس
سلسلے کی کڑی ہے، راستہ مشکل ہو تو منزل تک رسائی بھی مشکل ہوجاتی ہے، اس
لیے منزل تک پہنچنا ہے تو پہلے راستوں کو آسان بنانا ہو گا، فاصلے کم ہوتے
ہیں تو لوگ قریب آتے ہیں۔
وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ عوام کے فاصلے کم ہوں گے اور
تجارتی فاصلے رواں دواں ہوں گے، کراچی حیدرآباد موٹروے پر 60 فیصد تک کام
مکمل ہوچکا ہے اور باقی کام تیزی کے ساتھ جاری ہے۔
وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ آج لوگ اپنی آنکھوں سے ایک نیا پاکستان
تعمیر ہوتا دیکھ رہے ہیں، موٹر وے اور میٹرو اب خیالی باتیں نہیں رہیں، ہم
نے اس خواب کو تعبیر دی ہے، یہ وہ وعدے ہیں جوہم نے 2013 میں کیے تھے جن کو
پورا کررہے ہیں اور 2018 تک تمام وعدے پورے کریں گے۔ ملک میں ایسے لوگوں
کی کمی نہیں جو اپنے مفاد کے لیے کبھی مذہب اور کبھی سیاست کے نام پر
نوجوانوں میں ہیجان پیدا کرتے ہیں، ان کے اخلاق کو برباد کرنے کی کوشش کرتے
ہیں، عوام جانتے ہیں کہ یہ لوگ نوجوانوں اور قوم سے مخلص نہیں ہیں لہذا
ہمیں اپنی نئی نسل کو ایسے لوگوں سے بچانا ہے۔
وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ تعمیر ایک وژن کا تقاضا کرتی ہے، قوم کی تعمیر کھیل
نہیں اس کے لیے وژن، جذبہ اور عوام سے محبت ضروری ہے اور اسی کے تحت ہم نے 3
سال پہلے تعمیر پاکستان کے سفر کا آغاز کیا تھا۔
وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ آج کچھ
لوگ کہتے ہیں سڑکوں کی کیا ضرورت ہے تاہم چارٹر طیاروں پر اڑنے والوں کو
سڑکوں کی ضرورت نہیں، اس موٹر وے کی ضرورت عوام کو ہے، مزدوروں اور کسانوں
کو سڑکوں کی ضرورت ہے، جو لوگ ہیلی کاپٹر اور چارٹر طیاروں میں اڑتے ہیں ان
کوسڑکوں کی اہمیت کا کیا پتا لہذا طیاروں میں سفرکرنے والے دیکھیں کہ عوام
کو سڑکوں کی کتنی ضرورت ہے۔
وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں بہت تیزی سے ترقی کا پلان بن رہا ہے،
بلوچستان میں سڑکوں کا ایک عظیم الشان سلسلہ بن رہا ہے، گوادر ایک اہم
پورٹ بننے جارہا ہے اوراس کو بہترین پورٹ بنانے پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں۔
وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان کا نقشہ تبدیل ہورہا ہے، بجلی پاکستان میں واپس
آگئی ہے جب کہ مزید 10 ہزار میگا واٹ بجلی رواں سال سسٹم میں شامل کریں گے
تاہم اس ملک کے ساتھ ظلم کیا گیا اس بارے میں سوال ہونا چاہیے۔
وزیراعظم نواز شریف نے مزید کہا کہ ہم ترقی پر توجہ دے رہے ہیں دھرنوں کے لیے
ہمارے پاس وقت نہیں ہے، وہ کرتے رہیں دھرنے ہم اپنے کام کو کرتے رہیں گے،
لوگوں کو پتہ لگ جائے گا کہ کون دھرنے والے ہیں اور کون ترقی والے، ہمارا
ایجنڈا ترقی اور خوشحالی ہے اس میں ہم کسی سے پیچھے نہیں رہیں گے لہذا
دھرنے والے آکر اس میں ہمارا مقابلہ کریں جب کہ دھرنے والوں کا فیصلہ لوگ
پہلے ہی کرچکے ہیں وہ جانتے ہیں کہ کون کام کرتا ہے اور کون دھرنوں میں
اپنا وقت ضائع کرتا ہے۔