کراچی، اسٹریٹ کرائم اتنا ہے نہیں جتنا میڈیا دکھاتا ہے، اس کے پیچھے میڈیا کا کوئی ایجنڈا ہے، ایڈیشنل آئی جی
ایڈیشنل آئی جی مشتاق مہر کا کہنا ہے کہ اسٹریٹ کرائم اتنا ہے نہیں جتنا میڈیا دکھاتا ہے، اس کے پیچھے میڈیا کا کوئی ایجنڈا ہے۔
الیکٹرانک ڈیلرز ایسوسی ایشن کے تحت منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران ایڈیشنل
آئی جی مشتاق مہر کا مزید کہنا تھا کہ عوام کے بغیر پولیس کچھ بھی نہیں،
مانتے ہیں اسٹریٹ کرائم میں اضافہ ہوا ہے۔ تاجر تعاون کریں تو اسٹریٹ کرائم
میں کمی ہوگی، اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں سے خود کو بری الزمہ قرار نہیں دے
رہے ہیں۔ منشیات کے عادی افراد کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ چھینے گئے اور چوری شدہ موبائل باہر اسمگل کئے جارہے
ہیں۔موبائل فون اسمگل سے متعلق کسٹم حکام سے بات ہوئی ہے۔ مارکیٹوں میں
اسٹریٹ لائٹس ، کیمرے اور چوکیداری نظام ہونا چاہیے۔
تقریب سے خطاب کے دوران چیف سی پی ایل سی زبیر حبیب کا کہنا تھا کہ آئی ایم
ای آئی کی تبدیلی کے موبائل فون اسنیچنگ میں اضافہ ہوا ہے۔ موبائل چھن
جائے تو فوراً سی پی ایل سی کو اطلاع دی جائے۔ شہری تعاون کریں اور بروقت
اطلاع سی پی ایل سی کو دیں۔ شہری پولیس کی آنکھ، کان ہوتے ہیں۔ انہوں نے
کہا کہ مارکیٹ میں سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جانے چاہئیں۔
اس موقع پر ڈی آئی جی سی آئی اے ڈاکٹر جمیل کا کہنا تھا کہ آئی ایم ای آئی
نمبر کی تبدیلی جرم ہے۔ جرم کا مرتکب قانون کی گرفت میں آسکتا ہے۔ ماضی میں
لٹیروں کو سازگار ماحول ملا جس کی وجہ سے موبائل چھیننے کی وارداتوں میں
اضافہ ہوا تاہم پولیس کے تمام یونٹس کی نظریں اسٹریٹ کرائم پر مرکوز ہیں۔
بہت سے غیر ملکی بھی اسٹریٹ کرائم میں ملوث ہیں۔ سب مل کر کام کریں گے تو
ضرور اسٹریٹ کرائم پر قابو ممکن ہے۔