Feb 06, 2017 01:39 pm
views : 889
Location : Jinnah International Airport
Karachi- Ex-MQM member Saleem Shahzad arrested upon arrival at Karachi
کراچی، سابق ایم کیو ایم رہنما سلیم شہزاد کراچی ایئرپورٹ پہنچتے ہی گرفتار
ایم کیو ایم کے سابق رہنما اور ماضی میں بانی ایم کیوایم کے قریبی ساتھی سمجھنے جانے والے سلیم شہزاد کو ایئرپورٹ پہنچتے ہی گرفتار کر لیا گیا۔
ایم کیو ایم کے سابق رہنما سلیم شہزاد کو کراچی ایئرپورٹ پہنچتے ہی گرفتار کر لیا گیا ہے۔ کراچی پولیس چیف مشتاق مہر نے بھی سلیم شہزاد کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈی ایس پی ایئرپورٹ نے پولیس پارٹی کے ہمراہ امیگریشن کے دفتر جا کر سابق ایم کیو ایم رہنما کو حراست میں لیا، ان پر عائد مقدمات کی چھان بین کر کے انہیں متعلقہ تھانے بھیج دیا جائے گا۔
ایس ایس پی ملیر راؤ انوار نے بھی سلیم شہزاد کو تحویل میں لینے کی تصدیق کردی ہے جبکہ سابق ایم کیو ایم رہنما کا پاسپورٹ تحویل میں لے کر انہیں نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب سابق ایم کیو ایم رہنما سلیم شہزاد کا کہنا ہے اپنے اوپر لگنے والے الزامات کا سامنا کروں گا اور عدالت جو فیصلہ کرے گی قبول کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ اپنی بے گناہی ثابت کرنے کے لئے واطن واپس آیا ہوں۔
واضح رہے کہ سلیم شہزاد پر کراچی میں ہڑتالیں کرانے اور جلاؤ گھیراؤ کے متعدد مقدمات درج ہیں جبکہ سابق ایم کیو ایم رہنما کو دہشت گردوں کے علاج کے کیس میں مفرور بھی قرار دیا جا چکا ہے۔
سلیم شہزاد گزشتہ کئی عرصے سے بیرون ملک مقیم تھے تاہم اس دوران وہ متعدد بار پاکستان آتے جاتے رہے ہیں۔