کمالیہ ،شہر یو ں کا صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات کے خلاف احتجاجی مظاہرہ
کمالیہ کے محلہ امیر پورہ کے رہائشی خواتین ،بچوں سمیت سینکڑوں شہریوں نے
چیچہ وطنی روڈ پر ٹائر جلا کر روڈ کو بلاک کردیا اور کہا کہ پچھلے 10روز سے
سارے شہرکی سیوریج کا گندہ پانی ا ن کے گھروں میں داخل ہوچکا ہے اور ان کے
گھروں کو مسمار کررہا ہے جبکہ سیوریج کے گندے پانی کی متعدد بار شکایت
اسسٹنٹ کمشنر کمالیہ سمیت حکام کو کیں لیکن کسی بھی افسر نے ہمارا مسئلہ حل
نہیں کیا اور اب بارشوں کا سلسلہ شروع ہورہا ہے اور اگر سیوریج کے گندے
پانی کو گھروں میں داخل ہونے سے نہ روکا گیا تو گھر منہدم ہونے کا خدشہ اور
جانی نقصان بھی ہوسکتا ہے۔
مظاہرین نے دوگھنٹے تک چیچہ وطنی روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کیے
رکھا اور اس دوران مظاہرین اور شہریوں میں جھڑپیں بھی ہوئیں لیکن اسسٹنٹ
کمشنر سمیت کوئی بھی ذمہ دار مظاہرین سے مذاکرات کے لیے نہ پہنچ سکا جبکہ
ایس ایچ او تھانہ سٹی محمد اسلم کی سربراہی میں پولیس کی بھاری نفری موقع
پر پہنچی جنہوں نے روڈ کھلوانے کی بجائے مظاہرین کی ویڈیو بناتے رہے۔
معززین علاقہ کی مسئلہ حل کروانے کی یقین دہانی کے بعد مظاہرین نے احتجاج موخر کردیا۔