پشاور، پاک سرزمین پارٹی میں سلیم شہزاد کی کوئی گنجائش نہیں،مصطفیٰ کمال
چیئر مین پاک سرزمین پارٹی سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ کراچی میں اگلے
مورچوں کی لڑائی ہے، شہر میں بھارتی خفیہ ایجنسی 22 برس سے کام کررہی تھی،
پاک سرزمین پارٹی میں سلیم شہزاد کی کوئی گنجائش نہیں۔
پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفیٰ کمال نے پشاور پہنچنے پر میڈیا سے
گفتگو میں کہا کہ بائیس سالوں سے کراچی میں دہشت گردی ہورہی ہے، کراچی دہشت
گردی میں را ملوث ہے۔ اسکاٹ لینڈ یارڈ کی تحقیقات میں بھی یہ بات سامنے
آئی ہے۔
چیئر مین پاک سرزمین پارٹی سید مصطفی کمال کاکہناتھاکہ سلیم شہزاد ہمارے
لئے نہیں آئے، اورپارٹی میں ان کی کوئی گنجائش نہیں۔ کچھ اور لوگ بھی ایسے
ہیں جن کی ہماری پارٹی میں جگہ نہیں۔ کراچی میں اگلے مورچے کی لڑائی ہے
لیکن سیاسی اختلافات کے باوجود ہمیں ڈیبیٹ کرنی ہے لڑائی نہیں۔
چیئر مین پاک سرزمین پارٹی سید مصطفی کمال نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا میں سات ڈویڑنز میں صدور کا انتخاب کررہے ہیں۔