لاہور، عافیہ کے بغیر شکیل آفریدی کی رہائی ملک کے وقار کو مجروح کرے گی، ڈاکٹر فوزیہ صدیقی
امریکی جیل میں مقید پاکستان کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی بہن ڈاکٹر فوزیہ
صدیقی کا کہنا ہے کہ پوری قوم کو امریکی اور پاکستانی ذرائع ابلاغ عامہ کی
ان خبروں پر تشویش ہے جس کے مطابق حکومت پاکستان غدار وطن شکیل آفریدی کو
امریکا کے حوالے کرنے کی تیاریاں کررہی ہے۔ ریمنڈ ڈیوس کی طرح شکیل آفریدی
کو بھی امریکہ کے حوالے کرنے کیلئے عدالتوں کا سہارا لینے کی سازش کی جارہی
ہے جس سے عدالتوں کا وقار مزید مجروح ہوگا۔چیف جسٹس آف پاکستان فوری نوٹس
لیں۔
لاہو رپریس کلب میں پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا مزید کہنا
تھا کہ امریکی نیوز چینل کی رپورٹ سے ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت ڈاکٹر عافیہ
صدیقی کو بھول گئی ہے اور حکمران ذاتی مفادات کے تابع ہوگئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شکیل آفریدی کے حوالے سے قوم کی متفقہ رائے ہے کہ وہ ملک
دشمن ہے لیکن عافیہ صدیقی کے بارے میں پوری پاکستانی قوم یکسو ہے کہ وہ صرف
بے گناہ ہے بلکہ اس کی واپسی سے قوم کا وقار بلند ہوگا۔
انہوں نے سیاسی جماعتوں کے قائدین سے اپیل کی کہ قوم کی بیٹی کی جلد از جلد رہائی کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔