کراچی، تاجروں کی جانب سے اپنی مدد آپ کے تحت امن وامان کی صورتحال کے پیش نظر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب
کراچی کی مشہور مارکیٹ لائٹ ہاؤس میں تاجروں کی جانب سے اپنی مدد آپ کے تحت
امن وامان کی صورتحال کے پیش نظر سی سی ٹی وی کیمرے لگادیئے گئے۔ سی سی ٹی
وی کیمروں کی تنصیب کا افتتاح ڈی آئی جی ساؤتھ آزاد خان نے کیا۔ اس موقع
پر ایس پی سٹی شہلا قریشی سمیت دیگر تاجر رہنماء ان کے ہمراہ موجود تھیں۔
ابتدائی مرحلے میں لائٹ ہاؤس پر سولہ سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں
جبکہ تاجروں کے مرکزی دفتر میں مانیٹرنگ سیل قائم کیا گیا ہے۔
تاجروں کے مطابق سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کا کام شہر کی تمام مارکیٹوں میں کیا جائے گا۔
اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ڈی آئی جی ساؤتھ آزاد خان کا کہنا
تھا کہ مارکیٹ کی حفاظت جہاں پولیس کا کام ہے وہاں پر مارکیٹ ایسوسی ایشن
کی بھی ذمہ داری ہے۔ اس ضمن میں یہ اقدام خوش آئند ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ
باقی علاقوں میں بھی ایسے سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہوں۔ مارکیٹ ایریا کراچی
کا حب ہے۔ پورے پاکستان کی تجارت اسی علاقے میں ہوتی ہے۔ یہاں کا امن وامان
ہمارے لئے بہت اہم ہے۔ یہاں پر نہ صرف دن کے وقت بلکہ رات میں بھی واردات
ہوجاتی ہے۔ سی سی ٹی وی کیمروں کی وجہ سے سیکیورٹی میں بہتری آئے گی۔
اس موقع پر تاجر رہنماء عارف جیوہ کا کہناتھا کہ ہم تمام تر ذمہ داری قانون
نافذ کرنے والوں پر نہیں ڈال سکتے۔ ہم بھی شہر کا حصہ ہیں۔ ہم سب کے ساتھ
ہیں اور ہم ان کے ساتھ ہوتے ہوئے امن وامان میں ہم اپنا حصہ ڈال رہے ہیں۔
یہ پہلی ابتداء ہے۔ اب ہر مارکیٹ میں اس طرح سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہوں گے۔