بھکر،گندم کی کھڑی فصل پر ہل چلانے اور کماد کی فصل کو آگ لگائے جانے کے خلاف کسانوں کا احتجاجی مظاہرہ
دریائے سندھ کے قریب پنجاب کی حدود میں گندم کی کھڑی فصل پر ہل چلادینے اور
کماد کی فصل کو آگ لگائے جانے کے خلاف کسانوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔
احتجاجی مظاہرین اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے جبکہ مظاہرین کی جانب سے نعرے بازی کا سلسلہ بھی مسلسل جاری رہا۔
مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ پنجاب کی حدود میں دریائے سندھ کی قریبی
آبادیوں موضع پہوڑ اور دیگر علاقوں میں صوبہ خیبر پختون خواہ کے محکمہ
جنگلات کے درجنوں مسلح افراد نے ہلہ بول دیا جبکہ بھکر تھانہ صدر پولیس بھی
ان کی ہمنوا بن گئی ۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ محکمہ جنگلات کے اہلکاروں نے گندم کی کھڑی فصل پر
ٹریکٹرز کے ذریعے ہل چلا کر فصل کو تباہ کردیا اور کماد کی کھڑی فصل کو آگ
لگا دی جس سے ہمیں لاکھوں روپے کا نقصان پہنچا اور سال بھر کی محنت پل بھرمیں خاک
میں مل گئی۔
کسانوں نے احتجاج کرتے ہوئے ن لیگی رکن صوبائی اسمبلی عامر عنایت شہانی پر
الزام عائد کیا کہ وہ محکمہ جنگلات ڈیرہ اسماعیل خان کے ساتھ ملی بھگت کرکے
ان کی ملکیتی زمینوں پر مبینہ طور پر قبضہ کرنا چاہتا ہے ۔
کسانوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔