لاہور، سنت پورہ کی رہائشی خاتون کا خاوند کی بازیابی کیلئے احتجاجی مظاہرہ
سنت پورہ واہگہ بارڈر لاہور کی رہائشی خاتون بیگم حاجی رحمت علی نے اپنے
خاوند کی بازیابی کیلئے پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ خاتون کے
ہمراہ اس کے بچے اور رشتہ دار بھی شریک تھے۔ مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں
پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔
مظاہرین کی جانب سے نعرے بازی کا سلسلہ بھی جاری رہا۔
بیگم حاجی رحمت علی کا کہنا تھاکہ 14 جنوری کو جلو موڑ کے قریب کالے رنگ کی
گاڑی نمبر 7125 میں سوار چار افراد اسلحے کے زور پر میرے خاوند کو مارتے
ہوئے اپنے ساتھ لے گئے۔ جب سے اب تک ان کا کچھ پتہ نہیں چل رہا۔ میں نے ہر
جگہ درخواستیں دی ہیں لیکن میری کہیں شنوائی نہیں ہورہی ۔ ایف آئی آر درج
کرانے کے باوجود پولیس کوئی کارروائی نہیں کررہی۔ میرے چھوٹے چھوٹے بچے
ہیں۔ ہم سڑکوں پر رل رہے ہیں۔
مغوی کی بہن شکیلہ بی بی کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ ہمارے قبرستان پر دکانیں
بنانا چاہتے ہیں لیکن میرے بھائی رحمت علی نے منع کردیا جس کا انتقام لیتے
ہوئے اس کو اغواء کیا گیا ہے۔
متاثرہ خاندان نے وزیر اعظم، وزیرا علیٰ اور وزیر داخلہ سے اپیل کی ہے کہ ان کو انصاف فراہم کیا جائے۔