Feb 17, 2017 03:17 am
views : 925
Location : Lal Shehbaz Qalandar Shrine
Karachi- At least 72 killed in Lal Shahbaz Qalandar shrine blast (Update)
دادو، سیہون میں لعل شہباز قلندر کی درگاہ میں دھماکا، 72 افراد شہید، سینکڑوں زخمی
سیہون میں لعل شہباز قلندر کی درگاہ کے احاطے میں دھمال کے موقع پر
دھماکے میں 72 افراد شہید اور سینکڑوں زخمی ہوگئے۔ جاں بحق و زخمیوں میں
خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، جمعرات کے باعث زائرین کی بڑی تعداد مزار میں
موجود تھی، دھماکے کے بعد بھگڈر مچ گئی، درجنوں زخمیوں کی حالت تشویشناک
ہے، شہر کے اسپتالوں میں طبی سہولیات اور ایمبولینسوں کی کمی کے باعث
ہلاکتوں میں اضافے کا بھی خدشہ ہے۔
پولیس حکام نے سیہون میں لعل شہباز قلندر
درگاہ کے احاطے میں زور دار دھماکے میں 72 افراد کی شہادت کی تصدیق کردی،
خواتین اور بچوں سمیت سینکڑوں افراد زخمی ہیں، زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا
گیا، امدادی کارکنان اور ایمبولینسوں کی کمی کے باعث شہریوں نے اپنی مدد
آپ کے تحت پرائیویٹ گاڑیوں میں زخمیوں اور لاشوں کو اسپتال پہنچایا، سیہون
کے اسپتال میں ڈاکٹرز اور طبی سہولیات کی کمی کا سامنا ہے، آرمی اور رینجرز
کی ٹیمیں بھی پہنچ گئیں، شدید زخمیوں کو دیگر قریبی شہروں کے اسپتالوں میں
پہنچایا جارہا ہے۔
ایک عینی شاہد کے مطابق آج لعل شہباز قلندر کےمزار
پر بہت بڑا افسوسناک سانحہ ہوا ہے۔پولیس دعویٰ کرتی ہے کہ درگاہ پرپچاس
پولیس اہلکار تعینات ہوتے ہیں، واک تھرو گیٹ ہے اور سی سی ٹی وی کیمرے لگے
ہوئے ہیں مگر دھماکے کے وقت صرف دو پولیس اہلکار موجود تھے جبکہ ہزاروں
افراد کی حفاظت کیلئے محض دو پولیس اہلکار ناکافی تھے۔
واقعے کے بعد وزیر اعلیٰ سندھ سیہون پہنچے اور تعلقہ ہسپتال میں دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کی۔
میڈیا
سے گفتگو میں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ 7 بجکر 1
منٹ پر واقعہ پیش آیا۔ جس کے بعد میں سیہون کے لوگوں کے ساتھ مسلسل رابطے
میں تھا۔ سابقہ تعلقہ ناظم، میونسپل کمیٹی کے وائس چیئرمین بھی میرے
ساتھ ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہائی وے پر واقعات کے لئے فوری طور پر طبی
امداد دینے کے حوالے سے تعلقہ ہسپتال بنایا گیا اور ٹراما سینٹر میں 8
ایمبولینسیں موجود تھیں جو واقعے کے فوری بعد روانہ ہوگئی تھیں لیکن سیہون
کے لوگوں نے اپنی گاڑیوں اور رکشوں میں زخمیوں کو ہسپتال پہنچایا۔ یہاں
خون وافر مقدار میں موجود ہے اور یہاں خون کی ضرورت نہیں ہے۔ میں سیہون کے
لوگوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔