سیہون شریف،سانحہ درگاہ لعل شہباز قلندر،ملک بھر کی فضاء سوگوار،یوم سوگ
سیہون شریف درگاہ لعل شہباز قلندر میں گزشتہ روزہونے والی دہشت گردی سے
انسانی جانوں کے ضیاع کی وجہ سے آج شہری آبدیدہ اور غم سے نڈھال ہیں جبکہ
شہر کی فضاء سوگوارہے۔ شہرمیں یوم سوگ منایاجارہاہے جبکہ سندھ حکومت کی
جانب سے صوبے بھر میں تین روزہ سوگ کا اعلان کیا گیاہے۔
اس موقع پر زائرین نے پو لیس کے خلاف احتجاج کیا۔مظاہر ین نے پو لیس کے
خلاف شدید نعرے بازی کی اور مطالبہ کیا کہ مزار کا دروازہ زائرین کے لئے
کھو ل دیا جائے۔سی ٹی ڈی انچارج راجہ عمر خطاب نے جا ئے وقوع کا دورہ کیا
اور شواہد اکٹھے کئے۔
اس موقع پر شہر ی یار محمد کا کہناتھا کہ گزشتہ روز ہونے والی دہشت گردی کا
منصوبہ پا کستان لوگوں نے بنایا۔گزشتہ روز دہشت گردی کے پیچھے داعش ،
انڈیا اور افغانستان کا ہاتھ ہے۔دشمنوں کی جانب سے دہشت گردی کے واقعات
صرف سی پیک منصوبے کو ناکام بنانے کے لئے کئے جارہے ہیں۔
عام شہر ی عبدالستار کا کہناتھا کہ گزشتہ روز ہونے والے بم دھماکے کی شدید
الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور اس سانحہ پر ہمیں بہت افسوس ہے ،اس واقعے میں
کئی قیمتی جانوں کا ضیا ہوا ہے۔میری تمام قانون نافذکرنے والے اداروں سے
اپیل ہے کہ ملک بھر میں جتنے بھی دربار ہیں ان کی سیکیورٹی کے انتظامات
بہتر کئے جائیں تا کہ آئندہ آنے والے دنوں میں اس قسم کے سانحہ دوبارہ نہ
ہوں۔
سی ٹی ڈی انچارج راجہ عمرخطاب کا کہنا تھا کہ خودکش حملہ آور مزار سے پبلک
گیٹ سے داخل ہوااور قبر کے پا س جا کر دھماکا کردیا،ابتدائی تحقیقات کے
مطابق خودکش حملہ آور مرد تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سیہون شریف درگاہ لعل شہباز قلندر میں خودکش حملے کے
نتیجے میں اب تک 72 افراد شہید ہوگئے اور سینکڑوں سے زائد افراد زخمی ہیں
جن میں سے بیشتر کی حالت تشویشناک ہے۔